• news

اللہ کو گواہ بنا کر وعدہ کرتا ہوں دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے جان لڑا دینگے: شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدارت آج یہاں صوبائی کابینہ کا خصوصی تعزیتی ریفرنس اجلاس منعقد ہوا جس میں اٹک میں خود کش دھماکے کی شدید مذمت کی گئی اور صوبائی وزیر داخلہ کرنل (ر)شجاع خانزادہ شہید،ڈی ایس پی شوکت شاہ اور دیگر شہدا ء کی درجات کی بلندی کیلئے دعاکی گئی۔اجلاس کے دوران پنجاب کابینہ کے ارکان نے کرنل (ر) شجاع خانزادہ شہید اوردیگر شہداء کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کااظہارکیا اورپنجاب کابینہ کے ارکان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے پر صوبائی وزیر کرنل شجاع خانزادہ شہید کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا،پنجاب کابینہ کے اجلاس میں دہشت گردی و انتہاء پسندی کے خاتمے کے مکمل عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔ شہبازشریف نے پنجاب کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرنل (ر)شجاع خانزادہ شہیدنے قوم کے بہادر سپاہی کی طرح جام شہادت نوش کیا ہے اور رہتی دنیا تک یہ قربانی یاد رکھی جائے گی۔کرنل (ر)شجاع خانزادہ شہید ایک سچے،دیانتدار اورکھرے سیاستدان تھے ،جنہوں نے پنجاب میں انسداد دہشت گردی کیلئے گراں قدر خدمات سرانجام دیں،انہوںنے قوم کو حوصلہ اور ہمت دی۔ صوبے میں امن عامہ اورانسداد دہشت گردی کیلئے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ شجاع خانزادہ شہید کابینہ کے اہم وزیر اورانتہائی محنتی اوردیانتدارسیاستدان تھے ،میںشجاع خانزادہ شہیدکی گراں قدر خدمات پران کیلئے وفاقی حکومت سے اعلیٰ ترین سول ایوارڈ کی سفارش کروں گا۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا کہ میں کرنل (ر)شجاع خانزادہ شہیدکے خون کی قسم کھا کر اور اللہ تعالیٰ کو گواہ بنا کروعدہ کرتا ہوں کہ ہم دہشت گردوںاوران کے سہولت کاروں کے خاتمے کیلئے جان لڑا دیں گے اورملک کو امن کا گہوارہ بنائیں گے۔دہشتگردی کیخلاف جنگ کی خود نگرانی کرونگا۔ دہشت گردی وانتہاء پسندی کی پاکستان میں کوئی گنجائش نہیں ۔ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کا پوری قوت کے ساتھ مکمل صفایاکیا جائے گااور کرنل (ر)شجاع خانزادہ شہیدکے خون کی عظمت کی قسم جب تک دہشت گردوں کا پنجاب اورملک سے مکمل خاتمہ نہیں ہوجاتا ،اس وقت تک ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ہم نے جرأت ،بہادری،اتحاد اوراتفاق کیساتھ دہشت گردوںکو ان کے ٹھکانوں سے نکال کرعبرتناک انجام سے دو چار کرنا ہے۔ہم سب کو ملک کی حفاظت کیلئے جان قربان کرنے کا عہد کرنا ہے اوردہشت گردی کے خلاف جنگ کی قیادت میں خود کروں گااور دہشت گردوں کا ہر صورت خاتمہ کریں گے اوردہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ہوگا۔ ہمیں مل کر مشکلات اور چیلنجز سے نمٹنا ہے ، خوف ختم کرکے اتحاد اور یکسوئی سے دہشت گردوں کو شکست دینا ہوگی۔ہمیں قوت اور طاقت سے آگے بڑھنا ہوگا۔ دہشت گردی کیخلاف کرنل (ر)شجاع خانزادہ شہید کے مشن کو آگے بڑھائیں گے اور دہشت گردوں کو عبرتناک شکست دینا ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے کابینہ کے ارکان پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آپ سب انسداد دہشت گردی کیلئے کمر کس لیں کیونکہ دہشت گردی اورانتہاء پسندی کے خاتمے پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔جان ہتھیلی پر رکھ کر کرنل (ر)شجاع خانزادہ شہید کے مشن کی تکمیل کریں گے۔ دہشت گردی کے عفریت کو ہمیشہ ہمیشہ کیلئے دفن کرنے کیلئے ہمت اورتسلسل کیساتھ آگے بڑھنا ہوگا اور ہم سب کو اتحاد اوراتفاق کی طاقت سے یہ جہاد کرنا ہے۔ زندگی اور موت اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے ،کرنل (ر)شجاع خانزادہ شہید اپنے نام کی طرح شجاعت اورجرأ ت کے پیکر نکلے اوروہ قوم کے ہیرو ہیں۔اللہ تعالیٰ ان کے درجات مزید بلند فرمائے اوراہل خانہ کو صبر جمیل دے۔ صوبائی وزرائ، مشیران، معاونین خصوصی، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس اور سیکرٹریز نے بھی کرنل(ر) شجاع خانزادہ شہیدکی خدمات کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔علاوہ ازیں شہبازشریف نے صوبائی کابینہ کے خصوصی تعزیتی ریفرنس اجلاس میں صوبائی وزیر داخلہ کرنل (ر) شجاع خانزادہ اور دیگر افراد کی شہادت کے حوالے سے قراردادپیش کی۔پنجاب کابینہ نے متفقہ طورپر قرارداد کی منظوری دی اورکابینہ کے تمام ارکان نے قرارداد کی بھر پور تائید کی۔قرارداد میں کہا گیاہے کہ پنجاب کابینہ کایہ اجلاس گزشتہ روز خودکش دھماکے میں صوبائی وزیر داخلہ کرنل (ر) شجاع خانزادہ او ردیگر افراد کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتا ہے اور اﷲ تعالیٰ سے دعا گو ہے کہ وہ شہدا کے درجات بلند کرے اور انکے پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے-پنجاب کابینہ کے ارکان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی جان کانذرانہ پیش کرنے پراپنے شہید رفیق کار کو دل کی گہرائیوں سے خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ علاوہ ازیں شہباز شریف کی زیرصدارت گزشتہ روز اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا،جس میںصوبے میں امن عامہ اور اٹک میں صوبائی وزیر داخلہ کرنل(ر) شجاع خانزادہ شہید پر خودکش حملے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران شہباز شریف کو خودکش دھماکے کے بارے میں ابتدائی رپورٹ پیش کی گئی۔ شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہید کرنل(ر) شجاع خانزادہ کی شہادت بہت بڑا نقصان ہے اور شجاع خانزادہ شہید نے عظیم مقصد کیلئے قربانی دی ،ان کا خون رائیگاں نہیں جانے دیںگے۔ دشمن سن لے! اب کھلی جنگ ہوگی اور دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کا ہر جگہ پیچھا کرکے واصل جہنم کریں گے۔ انہوںنے کہا کہ انٹیلی جنس نظام کو مزید مربوط کرنے کی ضرورت ہے، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے تندہی اور پیشہ ورانہ انداز میں فرائض سرانجام دیں۔ شہباز شریف کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کے خصوصی تعزیتی ریفرنس اجلاس کے آغاز میںکابینہ ارکان کو قرآن پاک کی سورۃال عمران کی بعض آیات اوران کا اردومیں ترجمہ بھی سنایاگیا۔ وزیراعلیٰ نے اپنے ٹیب (TAB)پرآیات اوران کااردو ترجمہ سنایا۔ان آیات کا ترجمہ درج ذیل ہے۔’’بے شک تمہارے لئے نشانی تھی،دوگروہوں میں جو آپس میں بھڑپڑے، ایک جتھا اللہ کی راہ میں لڑتا اور دوسرا کافر کہ انہیں آنکھوں دیکھا اپنے سے دونا سمجھیں اوراللہ اپنی مددسے زور دیتا ہے جسے چاہتا ہے ،بے شک اس میں عقلمندوں کیلئے ضرور دیکھ کرسیکھنا ہے۔ ان آیات کے بعد وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج ہم جس شخصیت کرنل (ر) شجاع خانزادہ شہید کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے اکٹھے ہوئے ہیں ان کی شہادت قرآن پاک کے انہی احکامات کے تابع ہے۔

ای پیپر-دی نیشن