اکتوبر سے پہلے بلدیاتی انتخابات ممکن نہیں‘ پنجاب‘ سندھ نے معذرت کر لی
اسلام آباد (خبر نگار + نیوز ایجنسیاں) گزشتہ روزالیکشن کمیشن میں سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے سپریم کورٹ کودی جانیوالی نئی تاریخ پر غورکیاگیا۔چیف الیکشن کمشنر جسٹس سردار محمد رضا خان کی صدارت میں ہونیوالے اجلاس میں پنجاب اور سندھ کے چیف سیکرٹری، سیکرٹری بلدیات، صوبائی الیکشن کمشنر سمیت الیکشن کمیشن کے افسران نے بھی شرکت کی۔ صوبائی الیکشن کمشنرز اور صوبائی انتظامیہ نے بتایا صوبوں میں بارشوں اور سیلابوں کی وجہ سے انتظامیہ بحالی کے کاموں میں مصروف ہے اور سکول جو انتخاب کے دوران پولنگ کیلئے استعمال کیے جاتے ہیں وہاں سیلاب سے متاثرہ لوگوں کو رکھا گیا ہے۔ اسی طرح ملک میں محرم اور حج کا بھی سیزن ہے اس سے الیکشن کی تیاریاں متاثر ہوتی ہیں۔ واضح رہے الیکشن کمیشن نے سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے لئے یکم ستمبر کو شیڈول جاری کرنے کی تاریخ دے رکھی ہے،جس پر سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن سے وضاحت مانگی ہے 26 ستمبر کو پولنگ ڈے کو کن وجوہات پر تبدیل کیا گیا، جس پر الیکشن کمیشن نے ان وجوہات پر غور کرنے کیلئے اجلاس طلب کرکے جواب تیار کیا۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات میں تاخیر کا خدشہ ہے۔ الیکشن کمشن کا کہنا ہے حلقہ بندیوں کیخلاف عدالتوں میں سو سے زیادہ اپیلیں ہیں، اپیلیں نمٹائے بغیر شیڈول جاری نہیں کیا جا سکتا۔ این این آئی / آن لائن کے مطابق الیکشن کمشن کے اجلاس کے دوران سندھ اور پنجاب کے چیف سیکرٹریز نے اکتوبر سے پہلے صوبوں میں بلدیاتی انتخابات کرانے سے معذرت کر لی۔ اجلاس میں پنجاب، سندھ کی صوبائی حکومتوں نے موقف اختیار کیا سیلاب کے باعث بلدیاتی انتخابات مرحلہ وار یا تاخیر سے کرانا مجبوری ہے اور انتخابات اکتوبر سے پہلے نہیں کرائے جا سکتے۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا جنوبی پنجاب میں سیلاب کے باعث انتخابی عملہ دستیاب نہیں اسلئے انتخابات اکتوبر سے پہلے نہیں کرائے جا سکتے جبکہ چیف سیکرٹری سندھ نے مؤقف اختیار کیا صوبے میں سیلابی صورتحال ہے اور بلدیاتی انتخابات کیلئے انتخابی عملہ انتظامیہ سے لیا گیا ہے جسے بروقت تربیت نہیں دی جا سکی اسکے علاوہ سندھ لوکل گورنمنٹ بل 2015ء بھی آخری مراحل میں ہے جس کی منظوری کے بعد انتخابات کیلئے تیار ہوں گے تاہم اکتوبر سے پہلے انتخابات کرانا ناممکن ہے دونوں صوبائی حکومتوں کی جانب سے مؤقف پیش کئے جانے کے بعد الیکشن کمیشن نے جواب تیار کر لیا جسے (آج) منگل کو سپریم کورٹ میں پیش کیا جائیگا۔ نیٹ نیوز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے پنجاب اور سندھ اکتوبر میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد پر رضامند نہیں ہو سکے۔ ان کا مؤقف تھا انتخابات نومبر اور دسمبر میں ہی کرائے جائیں۔ آئی این پی کے مطابق اجلاس میں سندھ، پنجاب اور الیکشن کمشن نے بلدیاتی انتخابات مرحلہ وار کرانے پر اتفاق کیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا سپریم کورٹ میں الیکشن کمشن اور صوبائی حکومتیں انتخابی شیڈول کا دفاع کریں گی۔