الیکشن کمشن باکردار امیدواروں کو ہی انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دے: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار)جماعت اسلامی نے آئندہ انتخابات میں قومی اسمبلی کے امیدواروں کے نام فائنل کرنے اور انتخابی حکمت عملی ترتیب دینے کی سرگرمیوں کا آغاز کردیا۔ منصورہ میں امیر جماعت سراج الحق کی زیر صدارت میں مرکزی ذمہ داران کے خصوصی اجلاس میں ملک بھر کے قومی اسمبلی کے حلقوں کا جائزہ لیا گیا اور پنجاب اور سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے ترجیحات کا تعین بھی کیا گیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ اگر سیاسی پارٹیاں دیانتدار اور باکردار لوگوں کو نامزد کریں تو ملک سے کرپشن، کمیشن،اقرباءپروری اور لاقانونیت کا ہمیشہ کیلئے خاتمہ ہوسکتا ہے۔ انہوں نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ انتخابی میدان میں صرف ان امیدواروں کو اترنے کی اجازت دی جائے جن کا سابقہ ریکارڈ اس بات کی گواہی دیتا ہو کہ انہوں نے قومی خزانے کو نقصان پہنچایا نہ ہی کسی امانت میں خیانت کی ہے۔ آئین کی دفعہ 62،63 پر اس کی روح کے مطابق عمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں صرف ایسے افراد کو اپنا امیداوار نامزد کریں جن کے کردار کی پختگی کے متعلق انہیں پورا یقین ہو۔ سیاسی جماعتوںکی چھتری تلے بہت سے ایسے لوگ پناہ لئے بیٹھے ہیں جن کا مقصد عوام کی خدمت کے بجائے اپنے جرائم کو چھپانا ہے۔ جاگیردار، وڈیرے اور سرمایہ دار انتخابات میں کروڑوں روپے لگا کر اربوں روپے کماتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو انتخابات میں اخراجات کی مقررہ حد پر سختی سے عمل کرانا چاہئے۔
سراج الحق