اسلام آباد: بروقت تنخواہ نہ ملنے پر میٹرو بس گارڈز کی ہڑتال، 8 گھنٹے ٹریک بلاک رکھا
اسلام آباد (آئی این پی) میٹرو بس گارڈز کی وقت پر تنخواہ نہ ملنے پر ہڑتال، کئی گھنٹے تک میٹرو ٹریک بلاک رہا۔ اسسٹنٹ کمشنر اسلام آباد کی اس یقین دہانی پر میٹرو بس گارڈز نے ٹریک خالی کر دیاکہ اگر کمپنی نے وقت پر تنخواہ نہ دی تو میں کمپنی کے مالک کو گرفتار کروں گا۔ پیر کو میٹرو بس گاڈز جن میں مرد و خواتین شامل تھیں نے تنخواہیں نہ ملنے پر میٹروبس ٹریک کو کئی گھنٹے تک بلاک کئے رکھا۔ انہوں نے کہا کہ آج 17تاریخ ہے ہمیں ابھی تک تنخواہ نہیں ملی، سخت گرمی میں آٹھ گھنٹے ڈیوٹی کرتے ہیں، ایک بھی چھٹی نہیں، اگر کسی بیماری کی وجہ سے چھٹی کر بھی لیں تو تنخواہ سے کٹوتی ہوتی ہے، اس موقع پر خواتین گارڈز نے کہا کہ ہم نے اپنی وردی خود سلوائی ہے، پورے سٹیشن میں کوئی واش روم نہیں اگر ہم کسی دوسری جگہ واش روم کےلئے جاتی ہیں تو تو غیر حاضری لگا دی جاتی ہے اور تنخواہ سے جرمانے کی مد میں رقم کاٹ لی جاتی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ہمیں مہینہ میں چار چھٹیاں اور ہماری تنخواہ پندرہ ہزار روپے کی جائے۔
میٹرو گارڈز/ ہڑتال