ہری پور میں نگران حکومت تھی نہ ریٹرننگ افسر عمران کو عبرتناک شکست کیوں ہوئی: پرویز رشید
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ خیبر پی کے کے عوام نے عمران خان کو جھوٹ بولنے اور نوجوانوں کو گمراہ کرنے کی سزا دی۔ ہری پور میں بابر نواز کی کامیابی مسلم لیگ (ن) کی مسلمہ کارکردگی کا ثبوت ہے۔ عمران خان صرف زبانی حسن کارکردگی کا دعویٰ کرتے ہیں۔ ہری پور میں 40 ہزار ووٹوں کی برتری نے عام انتخابات کے نتائج پر مہر تصدیق ثبت کردی ہے۔ یہاں پر نہ تو نگران حکومت تھی نہ ریٹرننگ افسران تھے اور نہ ہی نواز شریف نے وکٹری تقریر کی اور نہ ہی اُردو بازار کا پرنٹنگ پریس تھا پھر عمران خان کوکیوں عبرتناک شکست ہوئی؟ ہری پور میں بابر نواز کی کامیابی مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی کا ثبوت ہے۔ عمران خان صرف زبانی حسن کارکردگی کا دعویٰ کرتے ہیں۔ عوام پر آزادانہ اور منصفانہ انتخابات میں نوازشریف کی کارکردگی پر اعتماد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ حکومت اور مسلح افواج نے دہشت گردوں کی کمرتوڑ دی ہے اوراب وہ راہ فراراختیارکر رہے ہیں۔ دنیا میں قیام امن کیلئے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پاکستان کی طرف سے دی گئی قربانیوں کا عالمی سطح پر اعتراف کیا گیا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے کامیابی کے ساتھ شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں ،دھماکہ خیز مواد کی فیکٹریوں اور تربیتی کیمپوں کو تباہ کردیا ہے، دہشت گرد ملک سے دہشتگردی کے خاتمے سے متعلق قوم کے عزم کو کمزور نہیں کرسکتے۔
پرویز رشید