کراچی: مذہبی رہنما سمیت 4 افراد قتل، دو مقابلے، 5 دہشت گرد، 3گینگسٹر ہلاک
کراچی(نوائے وقت رپورٹ + کرائم رپورٹر) کراچی کے علاقے منگھوپیر میں گزشتہ روز پولیس اور رینجرز کے مشترکہ آپریشن میں 5دہشت گرد مارے گئے۔ پولیس کے مطابق خفیہ اطلاع پر پولیس اور رینجرز نے منگھوپیر میں واقع ایک گھر پر چھاپہ مارا تو ملزمان نے اہلکاروں پر فائرنگ کردی۔ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان اور لشکر جھنگوی سے ہے، جبکہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے اےک اے ایس آئی اور اےک رینجر اہلکار بھی زخمی ہوگیا جنہیں فوری ہسپتال منتقل کیا گیا۔ مرنے والے 2 دہشت گردوں کی شناخت کمال اور حضرت کے ناموں سے ہوئی۔ پولیس نے دیگر 3 کی شناخت ظاہر نہیں کی۔ ہلاک دہشت گردوں نے وزیرستان میں پاک فوج پر حملے اور کراچی میں ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری کی وارداتیں کیں۔ دریں اثناءرات گئے لیاری کے علاقے کلاکوٹ میں پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 3 گینگسٹرز جن کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی، ہلاک ہوگئے۔ اسی طرح کھارادر پولیس نے کارروائی کرکے شیراز کامریڈ گروپ کے ٹارگٹ کلر اسد بلوچ کو حراست میں لے لیا۔ دوسری طرف رینجرز کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بلال اکبر نے ناظم آباد میں گزشتہ روز قتل ہونے والے نوجوان ریحان کے قاتلوں سے متعلق اطلاع دینے والوں کو 10 لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔ ترجمان رینجرز کے مطابق اطلاع دینے والوں کے نام صیغہ راز میں رکھے جائینگے۔ شہری قاتلوں کی اطلاع فون نمبر 1101 پر دیں۔ علاوہ ازیں اورنگی ٹاﺅن میں اہلسنّت و الجماعت کراچی ڈویژن کے ڈپٹی سیکرٹری ارشاد احمد معاویہ پیر کی صبح اپنے بچے کو سکول پہنچانے کے بعد موٹر سائیکل پر گھر جارہے تھے۔ دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار افراد نے فائرنگ کردی جس سے دلشاد احمد معاویہ جاں بحق ہوگئے۔ اہلسنّت و الجماعت کے کارکنوں نے اسلام چوک پر احتجاج بھی کیا۔ ادھر بلدیہ کے علاقے اتحادٹاﺅن کاٹیج ایریا میں رشتے کے تنازعے پر رسول خان نے ساتھیوں کے ہمراہ بھائی محمد حسین قادری اور اس کے بیٹوں رمضان اور حمزہ پر ڈنڈوں سے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 60 سالہ محمد حسین قادری ہلاک اور اس کے دونوں بیٹے رمضان اور حمزہ زخمی ہوگئے۔ اس کے علاوہ نیو کراچی انڈسٹریل ایریا میں ایمبراینڈر فیکٹری کے ملازم15 سالہ احتشام الحق ولد محمد محسن کو گلا گھونٹ کر ہلاک کردیا گیا۔ جبکہ کشمیر روڈ پر فائرنگ کے نتیجے میں رکشہ ڈرائیور22 سالہ نومی ہلاک ہوگیا۔ بتایا جانا ہے کہ ایک اسٹور میں ڈکیتی کے بعد فرار ہونے والے ملزمان پر سکیورٹی گارڈ نے فائرنگ کی تھی جس کی زد میں رکشہ ڈرائیور نومی آگیا۔
کراچی/ 4 افراد قتل