پشاور: 10 کلو بارودی مواد ناکارہ بنا دیا گیا، ٹارگٹ کلر، دہشت گرد گرفتار
پشاور+ ہنگو (نیوز ایجنسیاں) پشاور کے علاقے ریگی اور متنی روڈ پر نصب 10 کلو وزنی بارودی مواد ناکارہ بنا کر دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔ پولیس کے مطابق نامعلوم دہشت گردوں نے مذموم مقاصد کی غرض سے ریگی اور متنی میں سڑک کنارے بارودی مواد نصب کیا تھا اطلاع ملنے پر بم ڈسپوزل یونٹ کی ٹیمیں متعلقہ مقامات پر پہنچیں اور دونوں مقامات پر بارودی مواد کو ناکارہ بنادیاگیا، بم ڈسپوزل یونٹ کے مطابق ریگی میں سڑک کے کنارے پڑا بارودی مواد 10 کلو گرام سے بھی زیادہ تھا جسے ڈیوائیس کے ذریعے بالٹی میں نصب کیا گیاتھا ۔ علاوہ ازیں پشاور میں مسجد کے اندر پیش امام کو نشانہ بنانے کی کوشش کے دوران مبینہ ٹارگٹ کلر کو گرفتار کر لیا گیا۔ پشاور کے علاقہ یوسف آباد میں مسجد کے اندر پیش امام پر حملے کی کوشش اس وقت ناکام بنا دی گئی جب مکینوں نے مبینہ ٹارگٹ کلر کو قابو کر کے پولیس کے حوالے کر دیا۔ مبینہ ٹارگٹ کلر پیش امام کو نشانہ بنانے کی کوشش کر رہا تھا۔ پولیس نے تصدیق کی ہے کہ گرفتار شخص ٹارگٹ کلر ہے۔ پیش امام کو نشانہ بنانے کے حوالے سے ان سے تفتیش جاری ہے۔ پشاور کے علاقے بڈھ بیر میں سپیشل پولیس یونٹ نے کارروائی کرتے ہوئے امن کمیٹی ممبران پر حملے میں ملوث اہم دہشت گرد کو گرفتار کرلیا۔ پیر کو ذرائع کے مطابق سپیشل پولیس یونٹ نے بڈھ بیر میں کارروائی کی جس میں عمر گل نامی اہم دہشت گرد گرفتار کرلیا گیا۔ گرفتار دہشت گرد کا تعلق خیبر ایجنسی سے ہے اور اس نے 2007ءمیں ساتھیوں سمیت امن کمیٹی ممبران پر حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں امن کمیٹی کے دو کارکن جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔ ادھر ہنگو پولیس نے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران 22 اشتہاری مجرموں اور 11 غیر ملکیوں سمیت 39 مشتبہ افراد کو گرفتار کر کے اسلحہ اور منشیات برآمد کر لیا ہے۔
دہشتگرد گرفتار