• news

خرم دستگیر کابینہ کمیٹی کو تجارتی پالیسی فریم ورک سے متعلق بریفنگ دیں گے

اسلام آباد (عترت جعفری) وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر خان ہفتہ رواں کے دوران کابینہ کی خصوصی کمیٹی کو سہہ سالہ تجارتی پالیسی فریم ورک کے بارے میں بریفنگ دیں گے جس کے بعد تین سالہ تجارتی پالیسی فریم ورک کی کابینہ اور وزیراعظم سے منظوری لی جائے گی۔ وزارت تجارت میں اس وقت ملک کی برآمدات کے تنزلی کے حوالے سے شدید پریشانی کی کیفیت ہے کیونکہ مالی سال کے پہلے ماہ میں ملک کی برآمدات میں جولائی 2014 ءکے مقابلہ میں 17 فیصد کی کمی آئی ہے جس سے خدشہ ہے کہ رواں سال کے لئے اگر غیر معمولی اقدامات نہ کئے گئے تو مجموعی برآمدات منفی گروتھ حاصل کریں گی۔ وزیر تجارت نے برآمدات میں تنزلی کا نوٹس لیا ہے اور ٹی ڈی پی اے اور دوسرے متعلقہ اداروں سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ سہ سالہ پالیسی فریم ورک میں پہلے تین سال میں برآمدات کا ہدف 50 بلین ڈالر مقرر کرنے کی تجویز تھی جسے اب گھٹا کر 40 ارب ڈالر کر دیا گیا ہے۔ تجارتی پالیسی کے تحت مراعات دینے کے لئے مصارف کا تخمینہ 6 ارب روپے لگایا گیا ہے جو پالیسی کے اعلان کے ساتھ ہی سٹیٹ بینک کو فراہم کئے جائیں گے۔ جولائی 2015 ءمیں پاکستان نے 1598 ملین ڈالر کی برآمدات کیں جبکہ جولائی 2014 ءمیں 1923 ملین ڈالر کی برآمدات ہوئی تھیں۔ ملکی برآمدات جون 2015 ءکے مقابلہ میں بھی کم ہیں جون 2015 ءمیں ملک کی برآمدات 2016 ملین ڈالر تھیں۔
خرم دستگیر

ای پیپر-دی نیشن