سٹاک مارکیٹوں میں مندا‘ سرمایہ کاروں کے 72 ارب روپے سے زائد ڈوب گئے
کراچی+ لاہور( مارکیٹ رپورٹر+ کامرس رپورٹر ) کراچی اسٹاک ایکس چینج میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز اتارچڑھاؤ کے بعد مندی رہی اور کے ایس ای 100انڈیکس 35900 ,35800 ,35700اور 35600 کی نفسیاتی حدوں سے بیک وقت گرگیا ۔سرمایہ کاری مالیت میں72ارب 26کروڑ روپے سے زائد کی کمی، کاروباری حجم گذشتہ روز کی نسبت8.47 فیصدکم جبکہ 60.75 فیصد حصص کی قیمتوں میںکمی ریکارڈ کی گئی ۔ مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 349.28 پوائنٹس کمی سے 35588.05 پوائنٹس پر بند ہوا ۔ مجموعی طور پر 372 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا ۔ سرمایہ کاری مالیت میں 72 ارب 26 کروڑ 52 لاکھ 26 ہزار 515روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت گھٹ کر 76کھرب 88ارب45 کروڑ26 لاکھ88 ہزار918 روپے ہوگئی ۔ لاہور سٹاک ایکسچینج میں سوموار کے روز مندی کا رجحان رہا۔ مجموعی طور پر97 کمپنیوں کے حصص میں کاروبار ہوا۔ ایل ایس ای 25 انڈیکس26.09 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 6279.26 پر بند ہوا۔ مارکیٹ میں کل64 لاکھ48 ہزار500 حصص کا کاروبار ہوا۔