مینگورہ کی عدالت نے الطاف کو اشتہاری قرار دیدیا، لاہور ہائیکورٹ میں قائد متحدہ رابطہ کمیٹی کیخلاف غداری کا مقدمہ درج کرانے کیلئے درخواست
لاہور + سوات (وقائع نگار خصوصی+ آن لائن) لاہور ہائیکورٹ میں متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین اور رابطہ کمیٹی کے 9 ارکان کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرانے کے لئے ایک اور درخواست دائر کردی گئی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ ایم کیو ایم کے ان رہنمائوں کے فوج مخالف بیانات سے ملک میں انتشار پھیل رہا ہے۔ عدالت سے استدعا ہے کہ الطاف حسین اور رابطہ کمیٹی کے ارکان فاروق ستار، رشید گوڈیل، حیدر عباس رضوی، خالد مقبول صدیقی اور وسیم اختر وغیرہ کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کیا جائے۔ انسداد دہشت گردی مالاکنڈ کی خصوصی عدالت کے جج ایم امین کنڈی نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کو اشتہاری قرار دے کر عدالت میں 7 روز کے اندر اندر پیش ہونے کا حکم جاری کردیا۔ الطاف حسین کے خلاف تھانہ مینگورہ میں 16 جولائی کو نعیم نامی شخص نے ٹیلی گرافی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرایا تھا۔