پنجاب کو این ایف سی ایوارڈ میں طے شدہ حصے سے 42.05 ارب روپے کم ملے
لاہور (احسن صدیق) پنجاب کو رواں مالی سال 2015-16ء میں جولائی کیلئے این ایف سی کے تحت قابل تقسیم محاصل کی مد میں طے شدہ حصے سے 42.05 ارب روپے کم ملے۔ بجٹ دستاویز کے مطابق پنجاب کو جولائی کیلئے حصہ 74.5 ارب روپے بنتا تھا لیکن وفاقی حکومت نے 32.45 روپے فراہم کئے ہیں۔ وزارت خزانہ ذرائع کے مطابق این ایف سی کے تحت پنجاب کا حصہ 35 ارب روپے بنتا تھا لیکن وفاق نے پنجاب کے ذمے اپنے قرضوں کی وصولی کی مد میں 2.55 ارب روپے کی کٹوتی کرکے پنجاب کو 32.45 ارب روپے فراہم کئے ہیں۔ ذرائع نے پنجاب کو این ایف سی کے تحت قابل تقسیم محاصل کی مد میں مقررہ حصے سے کم فنڈز فراہم کئے جانے کے حوالے سے بتایا کہ صوبوں کو قابل تقسیم محاصل کی مد میں فنڈز کی فراہمی فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی ٹیکس وصولی کے تناسب سے کی جاتی ہے۔ ایف بی آر کی جولائی کیلئے ٹیکس وصولی 258.64 ارب روپے ہونی چاہئے تھی لیکن ٹیکس وصولی 148.98 ارب روپے رہی اور اسی تناسب سے پنجاب کے حصے میں بھی کمی واقع ہوئی ہے۔