مشرف دور میں کابل سے 47 لگژری گاڑیاں بغیر ڈیوٹی منگوانے کا انکشاف
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) پبلک اکائونٹس کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کے گذشتہ روز ہونیوالے اجلاس میں بتایا گیا کہ جنرل (ر) مشرف کے دور میں افغانستان سے 1999ء سے 2001ء کے دوران 47 لگژری گاڑیاں منگوائی گئیں مگر ڈیوٹی ادا نہیں کی گئی کمیٹی نے کہا کہ سیاستدانوں کو بدنام کیا جاتا ہے مگر آمروں کے بارے میں بات نہیں کی جاتی ہے، سرکاری افسروں نے ملک اور قوم کا نقصان کیا ہے ذمہ داروں کا تعین کر کے 6 ہفتوں میں رپورٹ کمیٹی کو پیش کی جائے، 14 سال ایف بی آر کی غفلت سے یہ معاملہ لٹکا ہوا ہے، کمیٹی نے ایف بی آر کے چیئرمین کے تیاری بغیر اجلاس میں شرکت کرنے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 2003ء سے جن معاملات کو حل نہیں کیا گیا، وہ ایک یا دو مہینوں میں کیسے حل ہوں گے، کمیٹی سے غلط بیانی نہ کی جائے، اگلے اجلاس میں تمام ریکارڈز کے ساتھ آئیں۔ منگل کو پبلک اکائونٹس کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس کنوینئر کمیٹی نوید قمر کی زیرصدارت ہوا۔ چیئرمین ایف بی آر طارق باجوہ نے کہا کہ ہم بہت سے ٹاسک پر کام کر رہے ہیں۔