• news

بلوچستان اسمبلی: صوبے میں ضرورت کے مطابق نئے ڈویژن بنانے کی قرارداد منظور

کوئٹہ (بیورو رپورٹ) بلوچستان اسمبلی نے صوبے میں ضرورت کے مطابق نئے ڈویژن بنانے کی قرارداد منظور کرلی۔ بلوچستان اسمبلی کا اجلاس دو روز کے وقفے کے بعد پونے دو گھنٹے کی تاخیر سے قائم مقام سپیکر میر عبدالقدوس بزنجو کی صدارت میں ہوا۔ تلاوت کلام پاک کے بعد جمعیت علماء اسلام کی رکن صوبائی اسمبلی شاہدہ رئوف نے پنجاب کے وزیرداخلہ شجاع خانزادہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے استدعا کی کہ انکے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ کرائی جائے جس پر سپیکر نے ایوان میں فاتحہ خوانی کرائی۔ اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی میر غلام دستگیر بادینی، میر مجیب الرحمان، محمد حسنی، میر امان اللہ نوتیزئی اور میر عبدالکریم نوشیروانی کی مشترکہ قرار داد ایوان میں پیش کرتے ہوئے کہاکہ نوشکی، چاغی، خاران اور واشک کی آبادی 10 لاکھ سے زائد نفوس پر مشتمل ہے۔ دو اضلاع کو کوئٹہ جبکہ دو کو قلات ڈویژن میں شامل کیا جس کی وجہ سے وہاں کے عوام کو 7 سو کلومیٹر مسافت طے کرنے کے بعد روز مرہ کے دفتری اور دیگر تعلیمی امور کے سلسلے میں کوئٹہ آنا پڑتا ہے۔ ان چار اضلاع پر مشتمل رخشان کے نام سے نیا ڈویژن بنایا جائے تاکہ عوام کے مسائل حل ہوسکیں۔ سپیکر نے محرکین کی رائے سے قرارداد میں صوبے میں ضرورت کے مطابق ڈویژن بنانے کی ترمیم کیساتھ قرارداد ایوان کے سامنے پیش کی جس کی ایوان نے متفقہ طور پر منظوری دیدی۔ بلوچستان اسمبلی نے صوبائی رکن میر عامر رند کے بھائی کی گاڑی کو ریموٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنانے سے متعلق تحریک التوا بحث کیلئے منظور کرلی۔

ای پیپر-دی نیشن