شام میں فوج کے ہاتھوں بے گناہ شہریوں کی ہلاکت قابل مذمت ہے: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹرسراج الحق نے شام کے شہر دوما میں سرکاری فوج کے ہاتھوں سینکڑوں بے گناہ شہریوں کی حالیہ ہلاکتوں کی شدید مذمت کی ہے۔ ایک بیان میں انہوں کہا ہے کہ بشار الاسد گزشتہ چار سال سے لاکھوں بے گناہ شہریوںکو شہید کر چکے ہیں جب کہ مسلسل بمباری کی وجہ سے ایک اہم مسلمان ملک شام اس وقت کھنڈرات کا منظر پیش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بشار الاسد نے انسانی اخلاقیات کی تمام حدیں پار کرلی ہیں اور وہ تباہ کن اورغیر قانونی اسلحہ مسلسل استعمال کر رہے ہیں۔ اقوام متحدہ اور امریکہ کی سرپرستی میں عالمی طاقتیں نہ صرف اس ظلم پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں بلکہ وہ اس خونریزی کو مزید طول دے رہی ہیں۔ مسلم ممالک کے سربراہان، بین الاقوامی عدالت برائے جنگی جرائم اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے پُرزور اپیل کی ہے کہ وہ شام کے مسئلے کو انسانی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے فوری اقدامات کریں۔ انہوں نے حکومت پاکستان سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ شام، عراق اور دیگر مسلم ممالک میں قتل و غارت ریزی رکوانے کے لئے ترکی اور سعودی عرب کے ساتھ مل کر فعال کردار ادا کریں۔