حمید گل کے انتقال پر شاہ سلمان‘ گلبدین حکمت یار کی تعزیت‘ سرینگر‘ سمیت 6مقامات پر غائبانہ نماز جنازہ
راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار محمد یعقوب خان‘ گورنر خیبر پی کے سردار مہتاب احمد خان، عوامی مسلم لیگ کے صدر شیخ رشید احمد، جماعت اسلامی کے رہنما ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، سابق سپیکر قومی اسمبلی سید فخر امام‘ لیفٹیننٹ جنرل (ر) احمد شجاع پاشا‘ سرفراز بگٹی‘ ایران‘ سوڈان‘ کوریا کے سفیروں البدر مجاہدین کے کمانڈر بخت زمین‘ مولانا محمد طیب طاہری‘ میجر (ر) محمد عامر خان نے جنرل (ر) حمید گل کی وفات پر سوگوار خاندان سے تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔ گورنر سندھ عشرت العباد نے فون پر عبداﷲ گل سے تعزیت کی جبکہ سعودی سفیر نے شاہ سلمان کی طرف سے فون پر اور حزب اسلامی افغانستان کے امیر انجینئر گلبدین حکمت یار کی طرف سے ان کے داماد ڈاکٹر غیرت ظہیر نے عمر گل اور عبداﷲ گل سے ملاقات کر کے تعزیت کی۔ سابق چیف جسٹس افتخار محمد چودھری‘ مولانا سمیع الحق‘ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف‘ جنرل ناصر دلاور‘ جنرل عبدالوحید کاکڑ‘ جنرل ہمایوں‘ جنرل امجد شعیب‘ جنرل فرخ خان نے حمید گل کی اقامت گاہ پر جا کر تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔ حمید گل کی غائبانہ نماز جنازہ مقبوضہ کشمیر میں لال چوک‘ حیدر پورہ راج باغ سری نگر‘ بارہ مولا‘ پلوامہ اور اسلام آباد میں ادا کی گئی۔ راج باغ میں غائبانہ نماز جنازہ کی امامت حریت رہنما محمد اشرف صحرائی نے کی۔ حمید گل کی کشمیر کاز کے لئے گرانقدر خدمات کے پیش نظر بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی نے نظربندی کے دوران ان کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کرنے کی کال دی تھی۔