بھارت: 85 سالہ بڑھیا کو چھیڑنے پر طوطا مالک سمیت اندر، تھانے پہنچتے ہی بولتی بند
ممبئی (نیوز ڈیسک) بھارتی ریاست مہاراشٹر کے ضلع چندرپور میں 85 سالہ بڑھیا کو چھیڑنے اور گالیاں دینے کے الزام میں بولنے والا طوطا گرفتار ہو گیا۔ 85 سالہ جنا بائی سکوکر نے پولیس سٹیشن میں شکایت درج کراتے ہوئے کہا کہ اسکے سوتیلے بیٹے سریش نے گنڈے والا دیسی طوطا ’’ہریال‘‘ گھر میں رکھا ہے اور اسے گالیاں سکھا دی ہیں تاکہ میری بے عزتی کر سکے۔ طوطا مجھے دیکھتے ہی بکواس بکنے لگتا ہے۔ پولیس حکام نے طوطے ’’ہریال‘‘ اسکے مالک سریش اور اسکے بیٹے کو حراست میں لیکر تھانے منتقل کیا۔ تھانے پہنچتے ہی طوطے کی بولتی بند ہو گئی۔ وہ کئی گھنٹے تھانے میں جنا بائی کے سامنے پنجرے میں مقید رہا مگر بڑھیا کو ایک لفظ بھی نہ کہا۔ پولیس کے مطابق بڑھیا اور اسکے سوتیلے بیٹے سریش میں جائیداد کا تنازع بھی چل رہا ہے۔