• news

وزیراعظم سے قطری فوج کے سربراہ کی ملاقات اہم امور پر تبادلہ خیال‘نیول چیف سے بھی ملے

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر + آئی این پی + نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ قطر کے ساتھ پاکستان کے قریبی تعلقات ہیں‘ دونوں ملکوں کی قیادت نے مضبوط تعلقات کیلئے ٹھوس بنیادیں رکھیں‘ آنے والے وقتوں میں دونوں ملکوں کے تعلقات مزید مستحکم ہونگے۔ پاکستان اور قطر کے درمیان صنعت اور دفاعی شعبے میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ منگل کو وزیراعظم نواز شریف سے قطر کی مسلح افواج کے چیف آف سٹاف میجر جنرل غنیم بن شاہین الغنیم نے ملاقات کی۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ قطر خطے کا اہم ملک ہے۔ قطر کے ساتھ پاکستان کے قریبی تعلقات ہیں‘ دونوں ملکوں کی قیادت نے مضبوط تعلقات کیلئے ٹھوس بنیادیں رکھیں۔ ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے قطری مسلح افواج کے سربراہ نے کہا کہ پاکستان قطر کے برادرانہ تعلقات تمام شعبوں میں مزید مضبوط ہونگے۔ علاوہ ازیں میجرجنرل غنیم بن شاہید الغنیم نے گزشتہ روز نیول ہیڈ کوارٹرز کا بھی دورہ کیا۔ نیول ہیڈ کوارٹرز آمد پر چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔ روائتی لباس میں ملبوس پاک بحریہ کے چاق و چوبنددستے نے قطر آرمڈ فورسز کے چیف آف سٹاف کو سلامی پیش کی۔ سلامی کے بعد معزز مہمان کا نیول ہیڈ کوارٹرز میں تعینات پرنسپل سٹاف آفیسرز سے تعارف کروایا گیا۔ بعدازاں میجرجنرل غنیم بن شاہین الغنیم نے چیف آف دی نیول سٹاف سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران قطر آرمڈ فورسز کے چیف آف سٹاف نے پاک بحریہ کے سربراہ سے پیشہ ورانہ امور پر تفصیلی گفتگو کی۔

ای پیپر-دی نیشن