ملکی، عالمی مارکیٹوں کے اقتصادی رجحانات کی مانیٹرنگ کو موثر بنایاجائے: اسحق ڈار
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیرخزانہ محمد اسحاق ڈار نے ہدایت کی ہے کہ قومی اوربین الاقوامی مارکیٹوں کے اقتصادی رجحانات کی مانیٹرنگ کو موثر بنایاجائے اور منفی پروپیگنڈے کے مقابلے کیلئے افواہ سازی پر کڑی نظررکھی جائے۔ وزیر خزانہ سینیٹر محمداسحاق ڈار کی صدارت میں اقتصادی ایڈوائزری ونگ وزارت خزانہ کی کارکردگی کاجائزہ لینے کیلئے اجلاس ہوا۔ اجلاس میں اقتصادی مشیر سید اعجاز علی واسطی نے وزیر خزانہ کواس ونگ کی ذمہ داریوں سے آگاہ کیا اور بتایا کہ اس کا کام سالانہ اقتصادی سروے شائع کرنا ہے اور یہ اقتصادی امور پر اہم تحقیق میں سہولت فراہم کرنے کاذمہ دار ہے۔ انہوں نے تمام دستاویز کو جامع بنانے کیلئے اقتصادی ایڈوائزری ونگ کی طرف سے کئے گئے اقدامات کے بارے میں بتایا اور کہاکہ ونگ اہم اقتصادی امور پر نظر رکھتا ہے اور رپورٹس تیار کرتا ہے۔