اٹک خودکش دھماکہ کی مذمت، پاکستان ملوث عناصر کو کٹہرے میں لائے: علی گیلانی
سرینگر (کے پی آئی) کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) چیئرمین سید علی گیلانی نے اٹک میں پنجاب کے وزیر داخلہ شجاع خانزادہ سمیت 19افرد کی خودکش حملے میں شہادت پر دلی رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے حکومتِ پاکستان سے اپیل کی ہے کہ وہ حملے کے ذمہ دار دہشت گردوں کا پتہ لگا کر انہیں سخت سے سخت سزائیں دلوائیں اور ان کے انجام کو دوسروں کے لیے عبرت بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خارجی اور داخلی سطح پر دہشت گردی کا شکار ہورہا ہے اور بھارت کی انٹیلی جنس ایجنسیاں بھی براہِ راست پاکستان میں ہونیوالی تخریب کاری کے ذمہ دار ہیں۔ اخبارات کے لیے جاری بیان میں گیلانی نے کہا کہ پاکستان دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے ایک روحانی سہارا ہے، لہٰذا دنیا بھر کی مسلم دشمن طاقتیں اس ملک کے درپے ہوگئیں اور وہ اس کے وجود کو مٹادینا چاہتی ہیں۔ انہوں نے پاکستانی حکمرانوں، افواج اور عوام سے اپیل کی کہ وہ صورتحال کا مقابلہ کرنے کے لیے ایک سٹیج پر جمع ہو جائیں اور متحد ہوکر پاکستان دشمن قوتوں کی چالوں کو ناکام بنائیں۔