• news

کردجنگجوئوں کے حملے میں 35ترک فوجی ہلاک

انقرہ (این این آئی) ترکی میں فوجی چھائونی پر کردوں کے حملے میں 35 فوجی ہلاک ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ترکی کی کردستان ورکر پارٹی (پی کے کے) نے گزشتہ روزجاری ایک بیان مین کہا کہ ان کے جنگجوئوں نے گزشتہ روز ترکی کے جنوب مشرقی صوبے بدلیس کے تاتوان علاقے میں ایک فوجی چھائونی پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 35 فوجی ہلاک اور متعدد دیگر زخمی ہو گئے۔ بیان کے مطابق حملے میں ترکی کی کئی فوجی گاڑیاں بھی تباہ ہو گئیں۔ شدت پسند تنظیم پی کے کے نے رواں ماہ کی چار تاریخ کو بھی ترکی کے ایک فوجی اڈے میں خودکش حملہ کر کے 50 سے زیادہ فوجیوں کو ہلاک کر دیا تھا۔ ترکی کی فوج نے گزشتہ مہینے پی کے کے کے ساتھ ہونے والی جھڑپ میں اپنے 40فوجیوں کی ہلاکت کی خبر دی تھی۔ دریں اثنا ترکی کی فوج نے اعلان کیاکہ پوری طرح غیر مسلح ہونے تک پی کے کے کے خلاف سکیورٹی اہلکاروں کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔ واضح رہے کہ جنوبی ترکی میں شام کی سرحد کے قریب واقع سوروچ شہر میں کردوں کے فعال حامیوں پر حملے کے بعد ترکی میں بدامنی کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ اس حملے میں 32 افراد ہلاک اور تقریباً سو دیگر زخمی ہو گئے تھے۔

ای پیپر-دی نیشن