• news

شجاع خانزادہ پر حملے کے 2 ملزم فیصل آباد سے گرفتار، ماسٹر مائنڈ لشکر جھنگوی کا ندیم انقلابی افغانستان مفرور ہے، انٹیلی جنس ذرائع

فیصل آباد (نمائندہ خصوصی + نوائے وقت رپورٹ) باوثوق ذرائع کے مطابق کرنل (ر) شجاع خانزادہ شہید کے قاتل پکڑے گئے۔ مبینہ ماسٹر مائنڈ شعیب چیمہ سمیت 2دہشت گرد فیصل آباد سے گرفتار ہوئے، دہشت گردوں کے سہولت کار ڈیرے کے قریب سبزی فروش بن کر ریکی کرتے رہے، منصوبہ سازوں کا تعلق پنجاب کی کالعدم تنظیم سے ہے۔ دونوں خودکش بمبار ان ہی سہولت کاروں کے گھر پر ٹھہرے۔ خودکش حملہ آوروں کو ایک دن پہلے واقعے کے مقام پر پہنچایا گیا۔ صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ کسی بھی ملزم کے گرفتار ہونے کی تصدیق یا تردید نہیں کر سکتا۔ ذرائع کے مطابق گرفتار دہشت گردوں نے انکشاف کیا ہے کہ رانا ثناء اللہ کو بھی نشانہ بنانا چاہتے تھے۔ علاوہ ازیں اٹک سے خاتون سمیت 5 مشتبہ افراد گرفتار کئے گئے اور ان سے پوچھ گچھ کی گئی۔ جے آئی ٹی نے جائے وقوعہ سے آٹھ موبائل فونز کا ڈیٹا حاصل کرلیا۔ جے آئی ٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ خودکش حملہ آوروں کے جسمانی اعضا کے ڈی این اے ٹیسٹ کی رپورٹ کا انتظار ہے، جس کے بعد کیس میں مزید اہم پیش رفت متوقع ہے۔ علاوہ ازیں صوبائی وزیر داخلہ کرنل (ر) شجاع خانزادہ کی سکیورٹی پر مامور 12 پولیس کمانڈوز کو ڈیوٹی میں غفلت برتنے پر معطل کردیا گیا۔ مبینہ دہشتگرد شعیب چیمہ اور ساتھی طارق کو تفتیش کیلئے فیصل آباد سے لاہور منتقل کر دیا گیا۔ انٹیلی جنس ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب سے گرفتار 5 دہشت گردوں نے منصوبہ بندی کی۔ فیصل آباد سے گرفتار مبینہ دہشت گرد شعیب چیمہ نے انکشاف کیا کہ شجاع خانزادہ پر حملے کا ماسٹر مائنڈ لشکر جھنگوی پنجاب کانائب امیر ندیم انقلابی ہے۔ ندیم انقلابی افغانستان میں مفرور ہے۔

ای پیپر-دی نیشن