• news

صوبائی ٹیکسز کیخلاف تحریک کا اعلان پرسوں پنجاب اسمبلی کے سامنے ریلی نکالیں گے: گڈز ٹرانسپورٹرز

لاہور (اپنے نامہ نگار سے) پنجاب بھر کی گڈز ٹراسپورٹرز ایسوسی ایشنوں پر مشتمل سپریم کونسل گڈز ٹرانسپورٹرز نے 16 فیصد صوبائی سروسز ٹیکس کے خلاف احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کردیا۔ احتجاجی تحریک کے پہلے مرحلے میں 22 اگست کو پنجاب اسمبلی کے باہر ٹرکوں پر احتجاجی ریلی نکالی جائے گی۔ لاہور پریس کلب میں سپریم کونسل کے چیئرمین سلطان محمود، ایگزیکٹو ممبران نبیل محمود، شراف گل، رانا اشتیاق، حاجی جاوید بٹ اور دیگر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ گڈز ٹرانسپورٹ برادری پہلے ہی بے شمار مسائل کا شکار ہے جبکہ 16 فیصد ظالمانہ صوبائی سروسز ٹیکس، 0.3 فیصد ود ہولڈنگ ٹیکس اور ٹوکن ٹیکس جبری لاگو کردیئے گئے ہیں جن سے کاروبار مکمل تباہی کے دہانے پر ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ گڈز ٹرانسپورٹ سیکٹر کے مسائل حل کرنے کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں۔ 16 فیصد صوبائی سروسز ٹیکس کے ساتھ ساتھ 0.3 فیصد ود ہولڈنگ ٹیکس ختم کیا جائے، ٹوکن ٹیکس کے ساتھ انکم ٹیکس 100 فیصد اضافہ ختم کیا جائے، ٹریفک پولیس کو ٹرکوں کے بے تحاشہ چالانوں سے روکا جائے، ٹول ٹیکس میں بے پناہ اضافہ واپس لیا جائے۔ اس کے علاوہ موٹروے پولیس کے ناجائز چالان بھی بند کرائے جائیں۔ شاہراہوں پر روز بروز بڑھتی ہوئی ڈکیتیوں و مال کی چوری روکنے کے عملی اقدامات کئے جائیں، ٹرک کنٹینرز کو اغواء اور ڈرائیوروں کو آئے دن قتل کیا جاتا ہے اس کے سدباب کے فوری اقدامات کئے جائیں، کسٹمز وایکسائز کے ناکوں اور ناجائز چیکنگ کو فوری بند کیا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن