• news

لاہور: درجنوں بچیوں سے زیادتی کا ملزم اہلکار سے گن چھیننے کے دوران گولی لگنے سے ہلاک

لاہور +شیخو پورہ(سٹاف رپورٹر+نامہ نگار خصوصی) لاہور میں درجنوں ننھی بچیوں سے زیادتی کی وارداتوں میں ملوث خطرناک ملزم پولیس اہلکار سے گن چھیننے کے دوران گولی لگنے سے ہلاک ہو گیا، خطرناک ملزم کو جائے وقوعہ کی نشاندہی اور بچیوں سے دوران زیادتی، چھینی جانے والی بالیوں کی برآمدگی کےلئے فیکٹری ایریا کی حویلی میں لیجایا گیا تھا۔ ملزم ہارون سیالکوٹ کا رہائشی تھا اور 4 سال قبل لاہور آیا 2 سال سے شیطانی کھیل میں مصروف تھا ملزم نے سی آئی اے کوتوالی کے اہلکار امجد علی سے اچانک گن چھیننے کی کوشش کی۔ ہارون ننھی بچیوں کو ان کے باپ کا دوست ظاہر کرکے ساتھ لیجاتا اور راستے میں جوس اور چپس لے دیتا، خطرناک ملزم زیادتی کےساتھ ننھی بچیوں کو تشدد کا نشانہ بھی بناتا۔ ہارون شادباغ عامر روڈ، بادامی باغ ریلوے لائن، سبزی منڈی، صدیق کالونی دبئی چوک ، شالیمار شیلر چوک ، ریلوے سٹیشن ، حفیظ روڈ لوئر مال، بنک سٹاپ چونگی امر سدھو، نواں کوٹ جھگیاں ناگرہ بازار، کاہنہ و دیگر علاقوں میں گلیوں، محلوں میں کھیلنے والی معصوم ننھی بچیوں کو ساتھ لے جاتا اور شیطانی کھیل کھیلنے کے بعد2روز بعد اس کے قریبی علاقہ میں چھوڑ جاتا، بڑھتی ہوئی وارداتوں پر ملزم کی گرفتاری کےلئے اعلیٰ پولیس افسروں کی ہدایت پر ایس پی سی آئی اے عمر ورک نے اپنی سربراہی میں ڈی ایس پی سی آئی اے کوتوالی خالدابوبکر، انسپکٹر رانا مختار اور اے ایس آئی امان اللہ پر مشتمل ٹیم بنائی اور شہر کے مختلف پارکوں اور داتا دربار کے علاقہ میں سرچ آپریشن کے دوران ننھی بچیوں سے زیادتی کرنیوالے درندے کی نشاندہی کر لی گئی۔ زیادتی کا نشانہ بننے والی بچیوں نے اسے پہچان لیا جبکہ ڈی این اے ٹیسٹ سے بھی ملزم کی نشاندہی کا عمل مکمل ہوا۔فیروزوالا سے نامہ نگار کے مطابق فیکٹری ایریا پولیس نے مقدمہ درج کرکے نعش پوسٹ مارٹم کے لئے ہسپتال بھجوا دی۔

زیادتی ملزم/ ہلاک

ای پیپر-دی نیشن