ساہیوال اور گوجرانوالہ میں قتل کے 2 مجرموں کو پھانسی دیدی گئی
ساہیوال + گوجرانوالہ + پھولنگر (نامہ نگار + نمائندہ خصوصی) ساہیوال اور گوجرانوالہ میں قتل کے 2 مجرموں کو گزشتہ روز پھانسی دیدی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق چیچہ وطنی کے رہائشی عبدالقیوم نے 1999ء میں اپنی بہن سلطانہ بی بی، بھانجی یاسمین اور بھابھی کنیزہ بی بی کو فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔ ایڈیشنل سیشن جج سید اعجاز شاہ نے جرم ثابت ہونے پر سزائے موت کا حکم دیا تھا اعلیٰ عدالتوں اور صدر مملکت سے اپیلیں مسترد ہونے پر سنٹرل جیل ساہیوال میں علی الصبح پھانسی دے دی گئی۔ ادھر سنٹرل جیل گوجرانوالہ میں دوست کے قاتل کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ پھول نگر قصور کے علاقہ میں امجد علی نے 5 جولائی 1998 کو معمولی تلخ کلامی پر ہونیوالے جھگڑے کے دوران خنجر کے وار کر کے اپنے دوست خلیل کو قتل کر دیا تھا تاہم اسوقت کے ایڈیشنل سیشن جج قصور نے 23 جنوری 2001 کو مجرم امجد علی کو سزائے موت کی سزا کا حکم سنایا تھا اور مجرم کی اعلیٰ عدالتوں اور ایوانِ صدر سے رحم کی اپیلیں خارج ہونے کے بعد سیشن جج قصور نے مجرم کو تختہ دار پر لٹکانے کیلئے ڈیتھ وارنٹ جاری کئے تھے۔ جیل انتظامیہ نے مجرم کی موت کی تصدیق کے بعد اسکی نعش ورثاء کے حوالے کر دی۔ نامہ نگار کے مطابق امجد کی نماز جنازہ آبائی گائوں پرناواں میں ادا کردی گئی اور سپردخاک کردیا گیا۔