• news

میدان میں واپسی کےلئے پی سی بی کی تمام شرائط پوری کرنے کو تیار ہوں: سلمان بٹ

لاہور( سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس )پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سلمان بٹ نے کہا ہے کہ میری آزمائش کا وقت گزر چکا ہے اور اب آسانیاں پیدا ہوں گی ، 5سال میں باقاعدگی سے پریکٹس کرتارہا ہوں ،ڈومیسٹک کرکٹ کی اجازت ملی تو بہترین کارکردگی دکھاﺅں گا۔ نوجوان کھلاڑیوں کو مشورہ دوں گا وہ ہماری جیسی غلطی نہ کریں اور ہم سے سبق سیکھیں ۔میرے لئے پابندی کا دور آزمائش کا دور تھا لیکن اب آسانیاں پیدا ہوں گی۔ کرکٹ میں واپسی کے لئے دعائیں کرنے والے تمام لوگوں کا شکر گزار ہوں۔ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق تمام کھلاڑیوں کےلیے رول ماڈل ہیں ،کرکٹ میں حالات اورپوزیشنز بدلتی رہتی ہیں ،اپنی غلطیوں سے سیکھنا اور ہر کسی کو غلطیوں سے بچنا چاہیے ۔ پی سی بی کی جو بھی شرائط ہیں انہیں پوری کرنے کےلیے تیار ہیں اور امید ہے کہ پی سی بی کی جانب سے جلد ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت مل جائیگی۔ اظہر علی کی قیادت میں گرین شرٹس بہترین پرفارم کر رہی ہیں ۔ میرا ٹارگٹ اچھا پرفارم کرنا ہے ، ٹیم میں جگہ دینا یا نہ دینا سلیکٹرز کا کام ہے ۔ محمد آصف نے کہا کہ پہلے جیسی کارکردگی دکھا کر سلیکٹرز کا اعتماد بحال کرنے کی کوشش کروں گا ۔ محمد آصف کا کہنا ہے کہ وہ قومی ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ میں سیالکوٹ سٹالینز کی نمائندگی بھی کریں گے۔ بہت جلد انکشافات سے بھرپور کتاب شائع کروں گا ۔محمد آصف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنی پرفامنس سے بہت جلد سلیکٹرز کو متاثر کر کے پاکستانی کرکٹ ٹیم کا حصہ بنیں گے۔اس موقع پر محمدآصف کی اہلیہ نے کہا کہ پانچ سال کے مشکل وقت میں ہر موقع پر انہوں نے اپنے شوہر کا ساتھ دیا۔ پابندی کے دوران انہوں نے پریکٹس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا۔
اچھی پرفامنس کے ساتھ محمد آصف کی انٹرنیشنل کرکٹ میں جلد واپسی ہو گی۔

ای پیپر-دی نیشن