بلوچستان : غیر فعال اور جعلی این جی اوز کیخلاف کریک ڈاﺅن شروع‘ 1226 کی رجسٹریشن معطل
کوئٹہ (بیورو رپورٹ) بلوچستان میں غیر فعال اور جعلی این جی اوز کے خلاف نیشنل ایکشن پلان کے تحت کریک ڈاﺅن شروع کردیا گیا ہے۔ محکمہ صنعت نے محکمہ کے تحت رجسٹرڈ 1226این جی اوز کو معطل کردیا جبکہ محکمہ سماجی بہبود نے 1486 این جی اوز کی رجسٹریشن منسوخ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ محکمہ صنعت کے ذرائع کے مطابق محکمہ انڈسٹریز بلوچستان میں 1226این جی اوز اور ایجوکیشنل سوسائٹیز رجسٹرڈ ہیں۔ نیشنل ایکشن پلان کے آنے کے بعد اب محکمہ صنعت نے صوبے میں رجسٹرڈ این جی اوز کی مکمل چھان بین کا فیصلہ کیا اور اس سلسلے میں تمام این جی اوز کو نوٹس جاری کردیا جس میں انہیں ہدایت کی گئی کہ وہ 15 دن کے اندر امدنی کے ذرائع، 5سال میں مکمل ہونے والے منصوبے، غیر ملکی اداروں سے لی جانے والی امداد بینک اکاونٹس کی تفصیل سمیت دیگر معلومات فراہم کریں لیکن ان تمام این جی اوز نے معلومات فراہم نہیں کیں جس پر ان این جی او کو 3ماہ کےلئے معطل کردیا گیا ہے۔ دوسری جانب محکمہ سماجی بہبود نے اپنے محکمہ سے رجسٹرڈ 1500 این جی اوز کی جانچ پڑتال بھی شروع کر رکھی ہے جس میں معلوم ہوا ہے کہ اس محکمہ کے تحت رجسٹرڈ 1601 این جی اوز میں صرف 115این جی اوز نے اپنی دوبارہ تصدیق کرائی جس پر محکمہ سماجی بہبود نے 1486 این جی اوز کی رجسٹریشن منسوخ کرنے کیلئے سیکرٹری سماجی بہبود کو خط لکھ دیا ہے۔
این جی اوز کےخلاف کریک ڈاﺅن