• news

پشاور: طوفانی بارش سے کئی علاقے زیرآب‘ پانی گھروں میں داخل

پشاور+ ٹھٹھہ (نوائے وقت رپورٹ+ بی بی سی ڈاٹ کام) پشاور میں طوفانی بارش سے کئی علاقے زیرآب آگئے۔ بعض علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گی۔ گزشتہ رات 10 بجے کے قریب شروع ہونے والی موسلا دھار بارش سے اندرون شہر سڑکیں اور گلیاں پانی میں ڈوب گئیں۔ بارش کا پانی گھروں میں داخل ہو گیا۔ صدر کا علاقہ پانی میں ڈوب گیا جبکہ گلیار، بھالہ ماڑی، کوہاٹی کے علاقوں میں پانی کھڑا ہو گیا۔ علاوہ ازیں دریائے سندھ میں شاہ بند کے مقام پر حفاظتی بند میں 200 فٹ چوڑا شگاف پڑ گیا جس سے سیلابی پانی 35 دیہات میں داخل ہو گیا اور وہ زیرآب آگئے۔ لوگوں نے علاقے سے نقل مکانی شروع کر دی۔ آئی این پی کے مطابق دریائے سندھ میں سجاول کے قریب چھ لاکھ کیوسک کے ریلے سے کچے کا علاقہ زیرآب آگیا، کوٹری بیراج سے اخراج میں کمی آنے سے ڈاﺅاسٹریم میں بھی پانی کی سطح کم ہونا شروع ہوگئی ہے اور پانی سمندر میں تیزی سے گر رہا ہے، سجاول ضلع کے حساس مقامات سورجانی، منارکی اور کوٹ عالموں پر اب بھی دباﺅ برقرار ہے۔ علاوہ ازیں محکمہ موسمیات نے ایک مرتبہ پھر گلگت بلتستان اور چترال میں سیلاب کےلئے وارننگ جاری کی ہے اور کہا ہے کہ ان علاقوں میں پہاڑوں پر برف پگھلنے اور بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی آ سکتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے جمعرات کی شب سے مغربی ہواو¿ں کا نظام اور مون سون میں بارش برسانے والا نظام پاکستان میں داخل ہو سکتا ہے اور ان دونوں کے ملاپ سے مختلف علاقوں میں بارشوں کا امکان ہے۔ بارشوں کا یہ سلسلہ شمالی علاقوں میں ہفتہ اور اتوار تک پہنچے گا۔ محکمہ موسمیات کے حکام نے کہا ہے آئندہ تین روز تک ملک کے بیشتر بالائی علاقوں میں بارشیں ہو سکتی ہیں لیکن چار اضلاع پشاور، مردان، راولپنڈی اور گوجرانوالہ میں تیز بارشوں کا امکان ہے۔
پشاور بارش

ای پیپر-دی نیشن