کراچی: فائرنگ‘ متحدہ کے کارکن سمیت 3 ہلاک‘ گینگ وار کا ملزم‘ 2 ڈاکو مارے گئے
کراچی (کرائم رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) کراچی میں جمعرات کو تشدد اور فائرنگ کے واقعات میں متحدہ قومی موومنٹ کے کارکن اور خاتون سمیت 3 افراد ہلاک اور سات افراد زخمی ہوگئے۔ بہار کالونی میں رینجرز کے ساتھ جھڑپ میں گینگ وار میں ملوث ایک ملزم جبکہ پولیس کے ساتھ مقابلے میں 2 ڈاکو ہلاک ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ کے کارکن عرفان کی لحاف میں لپٹی ہوئی نعش شریف آباد کے علاقے غریب آباد میں ٹائروں کی دکانوں کے قریب سے ملی۔ مقتول کے ہاتھ پاﺅں بندھے ہوئے تھے اور گردن میں بجلی کا تار لپٹا ہوا تھا جبکہ اسے فائرنگ کرکے ہلاک کیا گیا تھا۔ ادھر چاکیواڑہ کے علاقے گل محمد لین میں دو مسلح گروپوں کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں رمضان ہلاک اور چار افراد زخمی ہوگئے جبکہ سرجانی کے علاقے تیسر ٹاﺅن میں فائرنگ سے ایک عورت ہلاک ہوگئی۔ ادھر منگھو پیر میں پولیس نے کالعدم تحریک طالبان کا دفتر مسمار کر دیا۔ آپریشن کے دوران 25 مشتبہ افراد کو حراست میں بھی لے لیا گیا۔ جہادی لٹریچر اور لیپ ٹاپ بھی برآمد کر لیے گئے۔ آپریشن کے دوران گرفتار کئے گئے مشتبہ افراد کو نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔ ادھر بلدیہ ٹاﺅن میں رینجرز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں بھی گینگ وار میں ملوث ایک ملزم ہلاک ہوگیا۔ بہار کالونی میں رینجرز کے ساتھ مقابلے میں ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت لیاقت بلوچ ولد شوکت بلوچ کے نام سے ہوئی جس کاتعلق بابا لاڈلہ گروپ سے تھا جب کہ رینجرز نے ایک ملزم صدیق بلوچ ولد عبدالمجید بلوچ کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔ علاوہ ازیں ایم کیو ایم کے اعلامیہ کے مطابق پولیس، رینجرز اور سادہ لباس اہلکاروں نے گزشتہ شب کراچی کے علاقوں شاہ فیصل کالونی، کورنگی اور محمود آباد کے علاقوں میں ایم کیوایم کے کارکنان کے گھروں پر بغیروارنٹ کے چھاپے مارے اورایم کیو ایم کے 9 ذمہ داران و کارکنان کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔ ادھر لیاری کے علاقے بغدادی میں مبینہ پولیس مقابلے میں دو ڈاکو ہلاک ہو گئے۔ ایس ایس پی فدا حسین کے مطابق ڈاکو شہریوں سے لوٹ مار کررہے تھے۔ ہلاک ڈاکوﺅں کا تعلق گینگ وار عامر کچھی گروپ سے تھا۔
کراچی/ 3 ہلاک