وزیراعظم آزاد کشمیر کی اٹک آمد، شجاع خانزادہ کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی
اٹک/ لاہور (این این آئی+ آئی این پی) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چودھری عبدالمجیدنے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت نازک دور سے گزر رہا ہے، میری پاکستانیوں سے اپیل ہے وہ تمام سیاسی اختلافات کو بالا طاق رکھتے ہوئے متحد ومنظم ہوکر اپنے اندرونی وبیرونی دشمنوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں جو پاکستان کے سیاسی ومعاشی عدم استحکام کی سازشیں کررہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا پاکستان کی مسلح افواج نے دہشت گردی کے خاتمہ کے لیے جو اقدامات شروع کررکھے ہیں اس سے ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ ہو کررہے گا۔ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں کامیابیوں پر بہادر مسلح افواج پاکستان اور جنرل راحیل شریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ پاکستان کے دشمنوں کو یہ جان لینا چاہئے پاکستان مٹنے کے لئے نہیں بلکہ قائم رہنے کے لئے بنا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کشمیر پاکستان کا نامکمل ایجنڈا ہے کشمیریوں کی تحریک دراصل تحریک تکمیل پاکستان ہے۔ پاکستان ہماری امیدوں کا محور و مرکز ہے پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات سے کشمیریوں میں بڑی تشویش پائی جاتی ہے۔ بھارت پاکستان کا کھلا دشمن ہے بھارتی حکمرانوں نے جہاں مقبوضہ کشمیر میںدہشت گردی کے ذریعے کشمیریوں کے حقوق غصب کررکھے ہیں وہاں ایل او سی پر نہتے شہریوں کو گولہ باری کا نشانہ بنا رہا ہے۔ اقوام متحدہ بھارتی فورسز کی اس جارحیت کا سختی سے نوٹس لے اور ایل او سی پر آباد سویلین آباد ی کو تحفظ فراہم کرے۔ وزیراعظم آزادکشمیر یہاں کرنل (ر) وزیر داخلہ پنجاب شجاع خانزادہ شہید کی رہائش گاہ پرمرحوم کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا کے ایک گروپ سے بات چیت کر رہے تھے۔ اس سے قبل چودھری عبدالمجید کرنل (ر) شجاع خانزادہ کی قبر پر گئے اور پھولوں کی چادر چڑھائی اور ان کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ پڑھی۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے اس موقع پرمرحوم کرنل (ر) شجاع خانزادہ شہید کی قومی وعسکری خدمات پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور سوگوار خاندان کو پورے ریاست جموں وکشمیر کے عوام کی طرف سے اظہار افسوس کیا۔ علاوہ ازیں آئی اےن پی کے مطابق صوبہ بھر میں نماز جمعہ کے اجتماعات میں اٹک خود کش دھماکے میں شہید ہونےوالے کرنل (ر) شجاع خانزادہ سمیت دیگر شہداءکیلئے اجتماعی فاتحہ خوانی کی گئی۔ لاہور سمیت پنجاب بھر کی مختلف مساجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد اٹک خودکش دھماکے سمیت دہشتگردی کی جنگ کے تمام شہداءکےلئے اجتماعی فاتحہ خوانی اور پاکستان کی سلامتی اور امت مسلمہ کے اتحاد کےلئے دعائیں مانگی گئیں۔
وزیراعظم آزاد کشمیر