خیبر پی کے حکومت نے ہائیڈرل پاور پراجیکٹس کی رقم سے سٹہ کھیلا: دانیال عزیز
پشاور (اے پی پی ) مسلم لیگ (ن) کے ممبر قومی اسمبلی دانیال عزیز نے الزام عائد کیا ہے کہ خیبر پی کے میں ہائیڈرل پاور پراجیکٹس کی رقم سے صوبائی حکومت نے کراچی سٹاک مارکیٹ میں سٹہ کھیلا ہے جس میں نقصان ہوا ہے اور یہی وجہ ہے کہ ہائیڈرو پاور کے سینکڑوں میگا واٹ بجلی کے منصوبے غائب کردئیے گئے ہیں جس سے بجلی کی بحران میں اضافہ ہوا ہے، تبدیلی کے دعوےداروں نے عوام کے پیسوں سے سٹہ کھیل کر خیبر پی کے کو تاریکی میں دھکیل دیا جبکہ خود عیاشیاں کررہے ہیں۔ ممبر قومی اسمبلی فائزہ حمید کے ساتھ پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے دانیال عزیزنے کہا کہ 1992ءسے ہائیڈرو فنڈز کا آڈٹ نہیں ہوا ‘ عوام کو جھوٹے دعووں سے ٹرخایا جاتاہے اورمیدان پر کچھ نہیں، تحریک انصاف کی تبدیلی دیکھنے پشاور آئے تھے تاہم دس سال پرانا پشاور ہی پایا۔ 2013ءمیں خیبر پی کے حکومت نے عوام کو بتایا کہ 36260.4میگاواٹ بجلی کے منصوبے زیر تعمیر ہیں جن میں سے اب محض 687میگاواٹ رہ گئے ہیں جو رواں سال مارچ میں مکمل ہونے تھے تاہم ابھی تک مکمل نہیں ہوسکے بیشتر ضلع چترال اور مانسہرہ میں تعمیر ہونے تھے لیکن ان تمام منصوبوں کا وجود نظر نہیں آرہا۔
دانیال عزیز