ڈالروں کی خریداری کیلئے شناختی کارڈ کی کاپی لازمی قرار
کراچی (حسن جواد+ نیشن رپورٹ) لوکل مارکیٹ میں ڈالروں کی خریداری کیلئے خریدار کے قومی شناختی کارڈ کی کاپی جمع کرانا لازمی قرار دیدیا گیا۔ چیئرمین ایکسچینج کمپنی ایسوسی ایشن ملک بوستان نے نیشن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرکزی بنک نے تمام منی ایکسچینج کمپنیوں کو خریداروں کی شناخت کیلئے بائیو میٹرک سسٹم لگانے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے تجارتی سودوں میں ٹیکس سے بچنے کیلئے ڈالروں میں سودے بازی کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت تقریباً 30ہزار منی ڈیلرز بغیر ٹیکس کی ادائیگی اور لائسنس کے کام کررہے ہیں جس کی وجہ سے ڈالر کی قیمت میں اضافے کا خوف پیدا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال 10 لاکھ پاکستانی بیرون ملک سفر کرتے ہیں اور اوسطاً ایک شہری 5ہزار ڈالر کرنسی حاصل کرتا ہے۔