رشید گوڈیل کی حالت مزید بہتر خوراک کی نالی ہٹا دی گئی
کراچی (این این آئی) ایم کیو ایم کے رہنما رشید گوڈیل کو خوراک کی نالی ہٹا کر منہ سے مائع غذا اور پانی دینا شروع کردیا گیا ہے۔ کراچی کے لیاقت نیشنل ہسپتال میں زیرعلاج رشید گوڈیل کی حالت میں بدستور بہتری آرہی ہے۔ ہسپتال کے ترجمان انجم رضوی نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ رشید گوڈیل بات کرنے کی کوشش کرتے ہیں مگر تکلیف کی بنا پر فی الحال بول نہیں پا رہے، رشید گوڈیل مکمل ہوش میں ہیں اور انکا دماغ بالکل درست کام کر رہا ہے، وہ سب کو پہچان رہے ہیں۔ انہیں درد ختم کرنے والی ادویات دینا بند کردی گئی ہیں۔ دوسری جانب رشید گوڈیل کی حفاظت کے مدنظر لیاقت نیشنل ہسپتال میں سکیورٹی بڑھا دی گئی۔ ہسپتال میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی۔ پولیس کے مطابق نفری میں اضافہ اعلیٰ حکام کے احکامات کے بعد کیا گیا۔ ہسپتال کے اندر اور باہر چار موبائلیں اور 20 سے زائد اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔ دوسری جانب ماہر ڈاکٹرز کے 17 رکنی بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں رشید گوڈیل کی مجموعی صحت میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔