بجلی صارفین کو 6 ارب روپے ریلیف کی عدم فراہمی، نیپرا کا حکومت کو نوٹس
اسلام آباد (آن لائن) نیپرا نے بجلی کے صارفین کو چھ ارب روپے ریلیف فراہم نہ کرنے کے حکومتی تاخیری حربوں کا نوٹس لیتے ہوئے وزارت پانی وبجلی اور سی پی پی اے کو خط لکھ دیا ہے، سی پی پی اے کو فوری درخواست دائرکرنے کی ہدایت بھی کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی کے رجسٹرار نے بجلی کے صارفین کو ریلیف فراہم نہ کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے وزارت پانی وبجلی اور سنٹرل پاور پرچیز ایجنسی کو خط لکھ دیا ہے۔ نیپرا حکام کے مطابق جون کی فیول ایڈجسمنٹ کی مد میں بجلی دو روپے یونٹ سے زائد سستی ہوئی ہے، تاہم دو ماہ گزرنے کے باوجود سی پی پی اے نے درخواست دائر نہیں کی، سی پی پی اے نے دس جولائی تک درخواست دائرکرنا تھی۔ ذرائع کے مطابق وزارت خزانہ کی ہدایت کے باعث سی پی پی اے نے درخواست دائر نہیں کی ہے جبکہ نیپرا نے سی پی پی اے کو فوری درخواست دائرکرنے کی ہدایت کردی ہے۔