• news

خدشات دور کئے جائیں، ایم کیو ایم اسمبلیوں میں آ جائیگی : خورشید شاہ

سکھر (آئی این پی) قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ خدشات دور کئے جائیں، ایم کیو ایم دوبارہ اسمبلیوں میں آجائے گی، مودی سرکار مسائل کو مذاکرات سے حل کر ے، ایل او سی کی خلاف ورزی کا اقوام متحدہ کو نوٹس لینا چاہئے۔ تیل 12 سے 15 روپے فی لیٹر سستا ہونا چاہئے۔ سکھر میں اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے خورشید احمد شاہ نے کہا کہ ایم کیو ایم خود عمران خان کو پارلیمنٹ میں واپس آنے کا مشورہ دے رہی تھی، اب ایم کیو ایم کو سمجھنا چاہئے۔ متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما رشید گوڈیل پر حملہ ملک کو غیر مستحکم کرنے کی سازش ہے۔ جب مذاکرات ہوں گے تو ایم کیو ایم کے تحفظات بھی دور کئے جائیں گے۔ میری مودی سرکار کو تجویز ہے کہ مسائل مذاکرات سے حل کرنا چاہئیں اور سرتاج عزیز کو بھارت جانا چاہئے۔ ایل او سی کی خلاف ورزی کا اقوام متحدہ کو نوٹس لینا چاہئے۔ پاکستان امن چاہتا ہے وہ نہ صرف خطے میں بلکہ دنیا بھر میں امن چاہتا ہے اور اس کی پالیسی امن کی پالیسی ہے۔ میں نے تو عندیہ دیا تھا کہ سرتاج عزیزکی حریت رہنمائوں سے ملاقات میں بھارت رکاوٹ بن سکتا ہے۔ جب ضرب عضب آپریشن تیزی سے جاری ہے تو اسی طرح سے تیزی سے ری ایکشن بھی آ سکتا ہے۔ بھارت کے ساتھ ون پوائنٹ ایجنڈا پر بات ہونی چاہئے۔ کشمیر کے مسئلے پر سودے بازی نہیں کی جائے گی، مسئلہ کشمیر کے بغیر پاکستان بھارت مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں۔ بھارت پاکستانی سرحدوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن