باجوڑ: فائرنگ سے قبائلی سردار بچے اور ساتھی سمیت جاں بحق، کوئٹہ میں پولیس اہلکار شہید
باجوڑ+ کوئٹہ (این این آئی+ صباح نیوز+ بیورو رپورٹ+ بی بی سی) باجوڑ ایجنسی میں بم دھماکہ، قبائلی سردار ساتھی سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔ جاں بحق ہونیوالوں میں ایک بچہ بھی شامل ہے جبکہ ایک بچے سمیت 2 زخمی ہو گئے۔ کوئٹہ میں فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار شہید ہو گیا۔ پنجگور میں فائرنگ کے واقعہ میں دو ایف سی اہلکار شدید زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق باجوڑ ایجنسی کی تحصیل اتمان خیل میں مقامی قبائلی سردار ملک دعوی خان اپنے ساتھی محمد کریم اور بچوں کے ہمراہ گاڑی میں ارنگ جا رہے تھے۔سڑک کنارے ریمورٹ کنٹرول بم دھماکے سے ملک دعویٰ خان اور انکا ساتھی اور ایک بچہ موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ ایک بچے سمیت 2 افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کیلئے تحصیل ہسپتال خار منتقل کر دیا گیا۔ دھماکے سے گاڑی مکمل تباہ ہو گئی۔ ریمورٹ کنٹرول بم سڑک کنارے نصب کیا گیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولٹیکل انتظامیہ اور سکیورٹی فورسز موقع پر پہنچ گئیں۔ علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ دوسری جانب کوئٹہ میں سریاب روڈ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک سکیورٹی اہلکار جاںبحق ہوگیا۔ سریاب روڈ پر مدینہ پٹرول پمپ پر پولیس اہلکار اپنی موٹر سائیکل کو پنکچر لگوانے کیلئے رکا تھا کہ وہاں سے گزرنے والے نامعلوم مسلح افراد جو موٹر سائیکل پر سوار تھے نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجہ میں پولیس اہلکار موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ ادھر پنجگور میں نامعلوم مسلح افراد کی ایف سی کے قافلے پر فائرنگ سے 2 ایف سی اہلکار شدید زخمی ہو گئے۔ دوسری طرف ایف سی نے ضلع نصیر آباد کے علاقے گوٹھ محمد حسین پندرانی، گوٹھ امیر محمد جمالی میں سرچ آپریشن کرکے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کرلیا۔ تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔