افغان مہاجرین پر سہ فریقی مذاکرات کیلئے جانیوالے پاکستانی وفد کی بطور سرکاری مہمان رہنے سے معذرت
اسلام آباد (این این آئی) افغان مہاجرین کے مستقبل کے بارے میں سہ فریقی مذاکرات کیلئے جانے والے پاکستانی وفد نے افغان حکومت کی سرکاری مہمان نوازی کے طور پر انکے ہوٹل میں رہنے سے اس بنیاد پر معذرت کر لی کہ افغان حکومت کے لیڈروں کے پاکستان مخالف بیانات کے بعد مظاہرین نے کابل اور دیگر شہروں میں پاکستانی پرچم نذرآتش کئے تھے۔ اس ضمن میں مصدقہ ذرائع نے’’این این آئی‘‘ کو بتایا کہ پاکستانی وفد نے بطور احتجاج اپنا تین روزہ دورہ مختصر کرکے دو دن کردیا۔ ذرائع کے مطابق پاکستانی وفد نے افغان حکومت کی سرکاری مہمان نوازی کی بجائے اپنے اخراجات پر کابل کے ایک ہوٹل میں قیام کیا۔ ذرائع نے بتایا کہ افغان چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر عبد اللہ عبد اللہ کے ساتھ مذاکرات میں پاکستانی وزیر برائے ریاستی و سرحدی امور لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کے دوران افغان قیادت کے پاکستان مخالف بیانات پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا اور ڈاکٹر عبد اللہ عبد اللہ پر واضح کیا کہ پاکستان کیخلاف حکومت حمایتی علما کے فتوے اور پاکستانی پرچموں کو نذرآتش کرنے کے واقعات پر پاکستان خاموش نہیں رہیگا۔