حملے کی اطلاع مذاق میں دی‘ رشید گوڈیل‘ سکیورٹی خدشات‘ اہلخانہ کی امریکہ بھجوانے کی درخواست
کراچی (کرائم رپورٹر+ نیوز رپورٹر) قاتلانہ حملے کے 6 دن بعد رشید گوڈیل مکمل ہوش میں آگئے، ہسپتال میں رشید گوڈیل سے پولیس کے اعلیٰ حکام نے ملاقات کی ہے۔ رشید گوڈیل نے حملے سے متعلق ابتدائی معلومات فراہم کردی ہیں۔ رشید گوڈیل نے پولیس کو بتایا وہ حملہ آوروں کی شکل نہیں دیکھ سکے اور نہ ہی انہیں حملہ آوروں کی تعداد کا علم ہے۔ انہوں نے پولیس سے اپنے اوپر ہونے والے حملے کی تفتیش کے بارے میں دریافت کیا۔ رشید گوڈیل سے سوال کیا گیا ان کا بیان میڈیا پر چھایاہوا ہے جس میں انہوں نے حملے سے کچھ دن قبل کہا تھا ان پر قاتلانہ حملہ ہو سکتا ہے۔ اس سوال پر رشید گوڈیل کا کہنا تھا وہ تو انہوں نے اراہ مذاق کہا تھا۔ مزید برآں عبدالرشید گوڈیل کو انکے خاندان نے علاج کیلئے امریکہ منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق انکے صاحبزادے نے وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ اور وفاقی حکومت کو تحریری درخواست ارسال کی ہے جس میں اپنے والد کو سکیورٹی خدشات اور علاج کیلئے انتہائی نگہداشت کے پیش نظر بیرون ملک بھیجنے کی اپیل کی گئی ہے۔ ہاتھ سے لکھی مختصر درخواست میں اپنے خاندان کے توسط سے انکے صاحبزادے نے والد کو امریکہ بھجوانے کی اپیل کی ہے۔ ذرائع کے مطابق خاندان کے افراد بھی رشید گوڈیل کے ہمراہ امریکہ جائیں گے جبکہ خاندان کے بیشتر افراد پہلے ہی امریکہ جا چکے ہیں۔ نیوز رپورٹر کے مطابق وفاقی وزیر احسن اقبال، سینیٹر نہال ہاشمی، ایوب آفریدی، سندھ حکومت کی صوبائی مشیر شرمیلا فاروقی نے رشید گوڈیل کی لیاقت نیشنل ہسپتال جاکر عیادت کی۔
رشید گوڈیل