راولپنڈی : تحریک انصاف کے دو گروپوں میں تصادم‘ فائرنگ‘ خاتون سمیت سات افراد زخمی
راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) راولپنڈی کے علاقے صادق آباد میں کری روڈ پر تحریک انصاف کے 2 گروپوں میں تصادم ہوگیا اور دوطرفہ فائرنگ اور جھگڑے میں خاتون سمیت 7 افراد زخمی ہوگئے جن کو طبی امداد کیلئے بے نظیر بھٹو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ پی ٹی آئی رہنما عمران اسماعیل نے بتایا کہ کارکن این اے 122 میں ٹربیونل کے فیصلے پر جشن منا رہے تھے۔ اطلاع ہے مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں نے فائرنگ کردی۔ پولیس کا کہنا ہے تحریک انصاف کے دو گروپ آپس میں لڑپڑے۔ مقامی پی ٹی آئی رہنما کا بھی کہنا ہے یہ پی ٹی آئی مسلم لیگ (ن) جھگڑا نہیں، تصادم کو سیاسی رنگ نہ دیا جائے۔ یہ ذاتی لین دین کا تنازع ہے جو تحریک انصاف کے دو دھڑوں میں ہوا۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما کا کہنا ہے ہمارے آپس میں بھائیوں جیسے تعلقات ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے ڈی پی او سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔