• news

کشن گنگا‘ راتلے ڈیمز : پاکستان نے مذاکرات کی بھارتی پیشکش مسترد کر دی‘ ورلڈ بینک جانیکا اعلان

لاہور (افتخار عالم/ دی نیشن رپورٹ) پاکستان نے متنازعہ پن بجلی منصوبوں پر بھارت کی جانب سے مذاکرات کی پیشکش مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ محض ان منصوبوں کی تکمیل کیلئے وقت حاصل کرنے کی چال اور بھارت کا پھیلایا ہوا ایک جال ہے۔ اس کی بجائے پاکستان تیسرے فریق کی ثالثی کیلئے ورلڈ بنک سے رجوع کرے گا۔ بھارت نے مذاکرات کی یہ پیشکش امن مذاکرات سبوتاژ کرنے کے ایک روز بعد ایک خصوصی خط میں کی ہے۔ اس حوالے سے متعلقہ حکام نے دی نیشن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس بھارتی جال میں نہیں آئیں گے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں 330 میگاواٹ کا کشن گنگا ہائیڈرو پاور اور 850 میگاواٹ کا راتلے پن بجلی منصوبہ دریائے چناب پر بنا رہا ہے جس کا پانی پاکستان میں آتا ہے۔ پاکستان نے ان کے ڈیزائنوں پر اعتراض کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے پاکستان کے حصے کا پانی کا بہا¶ کم ہو جائیگا۔ یہ سندھ طاس منصوبے کی صریح خلاف ورزی ہے۔ پاکستان کو اس حوالے سے غیر جانبدار ماہرین کی تعیناتی کے حوالے سے بھارتی جواب کا انتظار تھا۔ اب پاکستان کسی بھی وقت ورلڈ بنک سے رابطہ کرے گا۔ پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ بھارت محض تاخیری حربے استعمال کر رہا ہے۔ اطلاعات کے مطابق بھارت نے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دریائے چناب پر بگلیہار اور کشن گنگا سے بڑا راتلے ڈیم بنانے کا اعتراف کر لیا اور معاملہ بات چیت سے حل کرنے پر آمادگی ظاہر کی تھی۔ 850 میگاواٹ کے ڈیم پر کام 2013ءمیں شروع ہوا تھا، تعمیر 2018ءمیں مکمل ہو گی، یہ ڈیم ایک لاکھ ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرنے کا حامل ہو گا۔ بھارتی خبررساں ادارے کے مطابق مقبوضہ جموں کے علاقے کشتواڑ کے گاﺅں راتلے میں دریائے چناب پر 850 میگاواٹ کا ہائیڈرو الیکٹرک منصوبہ شروع کر رکھا ہے، جس پر پاکستان نے شدید احتجاج کیا تھا۔ 20 روز پہلے بھی ایک مراسلہ بھارتی حکومت کو بھیجا گیا تھا جس کے جواب میں بھارتی حکومت نے تنازعہ کو بات چیت سے حل کرنے پر رضا مندی ظاہر کی۔ پاکستان نے مراسلے میں کسی غیر جانبدار مبصر کی نگرانی میں اس خلاف ورزی کا معاملہ حل کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ بھارتی حکام کا کہنا ہے انہوں نے دس روز قبل حکومت پاکستان کو اس کے مراسلے کا جواب بھیجا تھا جس میں کہا گیا ہے ہم مذاکرات سے مسئلہ حل کرنے کو تیار ہیں۔
ڈیم/ مذاکرات

ای پیپر-دی نیشن