• news

انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں کی فلسطینیوں کے گھروں کے انہدام کی شدید مذمت

لندن (اے پی پی) انسانی حقوق کی متعدد بین الاقوامی تنظیموں نے فلسطینیوں کے گھروں کے انہدام کی شدید مذمت کی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق 30 سے زیادہ بین الاقوامی مذہبی اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے فلسطینیوں کے گھروں کو منہدم اور ان کا مال و اسباب تباہ کرنے کے اقدامات میں اضافے کی مذمت کرتے ہوئے عالمی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیلی حکومت کو ان اقدامات کے لئے جوابدہ بنائیں۔ واضح رہے کہ اسرائیلی حکومت نے گزشتہ ہفتے غرب اردن میں فلسطینیوں کے کم سے کم 63 گھروں اور بنیادی تنصیبات کو منہدم کر دیا تھا جن میں یورپی یونین کی طرف سے عطیہ کیے گئے خیمے اور شمسی توانائی پیدا کرنے والے پینل بھی شامل تھے۔ ان حملوں کے نتیجے میں82 بچوں سمیت132 فلسطینی بے گھر ہو گئے تھے ۔ سویڈن کی بعض تنظمیوں نے کہا ہے کہ بین الاقوامی امداد رساں اداروں کو ان عمارتوں کے انہدام سے ہونے والے نقصان کی قیمت طلب کرنی چاہئے اور انہیں امداد اور عطیات دینے کی پھر کوشش کرنی چاہئے۔

ای پیپر-دی نیشن