سرینگر : جموں و کشمیر پیپلز ڈیموکریٹک موومنٹ کا مظاہرہ
سرینگر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں جموں و کشمیر پیپلز ڈیموکریٹک موومنٹ نے پارٹی چیئرپرسن تنویر فاطمہ کی قیادت میں سرینگر میں ایک پرامن احتجاجی مظاہرہ کیا اور تنازعہ کشمیر کے پاکستان، بھارت اور حقیقی کشمیری قیادت پر مشتمل سہ فریقی مذاکراتی عمل کے ذریعے حل کا مطالبہ کیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق اس موقع پر بھارتی پولیس نے پیپلز ڈیموکریٹک موومنٹ کے سرپرست اعلیٰ محمد یوسف گلکار کو گرفتار کر کے کوٹھی باغ تھانے میں نظر بند کر دیا۔ امتیاز احمد ریشی کی قیادت میں جموں و کشمیر پیپلز لیگ کے ایک وفد نے بھی مظاہرے میں شرکت کی۔ تنویر فاطمہ نے اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ تنازعہ کشمیر کے حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن ممکن نہیں۔