ایاز صادق کی اسمبلی رکنیت منسوخی کا نوٹیفکیشن جاری، مرتضیٰ جاوید قائم مقام سپیکر بن گئے
لاہور /اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے، خبرنگار) الیکشن ٹربیونل کی جانب سے سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کے انتخاب کو کالعدم قرار دیے جانے کے بعد الیکشن کمشن نے ان کی رکنیت کی منسوخی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ سردار ایاز صادق کو ڈی نوٹیفائی کرنے کے بعد لاہور کے حلقہ این اے 122 کی سیٹ خالی قرار دے دی گئی۔ ایاز صادق کی رکنیت 22 اگست سے منسوخ تصور ہو گی۔ آئی این پی کے مطابق این اے 122 کے بارے میں الیکشن ٹربیونل کا فیصلہ آنے کے باوجود قومی اسمبلی کی ویب سائٹ سے سردار ایاز صادق کا نام نہیں ہٹایا گیا۔ قومی اسمبلی کی ویب سائٹ کے مطابق سردار ایاز صادق اب بھی سپیکر ہیں اور ان کی تصویر بھی آویزاں ہے۔ صباح نیوز کے مطابق قومی اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی قائم مقام سپیکر بن گئے ہیں۔ ایاز صادق کے ڈی نوٹیفائی ہونے کے بعد مرتضیٰ جاوید عباسی نے قائم مقام سپیکر کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔ این این آئی کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے مرتضیٰ جاوید عباسی کو فوری طور پر ناروے سے وطن واپس بلا لیا ہے۔
ایاز صادق/ نوٹیفکیشن