تنگوانی‘ بم دھماکے میں باپ جاں بحق‘ بیٹا زخمی : گوادر میں حملہ‘ دو افراد مارے گئے
کراچی+ کوئٹہ+ اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں+ بیورو رپورٹ+ نوائے وقت رپورٹ) سندھ کے قصبے تنگوانی میں سڑک کنارے نصب بم دھماکے میں باپ جاں بحق اور بیٹا زخمی ہوگیا، جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ گوادر میں دکان پر دستی بم کے حملے سے 2 افراد مارے گئے جبکہ 2 زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق تنگوانی کے گا¶ں خالد بروہی میں پیر کی علی الصبح سڑک کنارے نصب بم دھماکہ اسوقت ہوا جب باپ بیٹا اپنی موٹر سائیکل سے گزر رہے تھے۔ دھماکے میں دونوں باپ بیٹا شدید زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ ادھر پیر کی رات گوادر میں نامعلوم افراد نے ایک دکان پر دستی بم پھینکا جو زوردار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں 2 افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہوگئے۔ خاران کے علاقے میں ایف سی اور حساس ادارے کے اہلکاروں نے مشترکہ سرچ آپریشن کے دوران 6 مشتبہ افراد کو اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا۔ علاوہ ازیں اسلام آباد پولیس نے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے 25 افغان باشندوں سمیت 52 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ بہاولپور میں بھی سرچ آپریشن کے دوران 12 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ این این آئی کے مطابق ڈیرہ بگٹی کے علاقے میں ایف سی نے تخریب کاری کی کوشش ناکام بناتے ہوئے بارودی سرنگ ناکارہ بنا دی ہے۔
بم دھماکے