• news

کولمبو ٹیسٹ: بھارت نے سری لنکا کو 278 رنز سے ہرا کر سیریز برابر کر دی

کولمبو (اے پی پی) بھارت نے سری لنکا کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں 278 رنز کے واضح مارجن سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔ تفصیلات کے مطابق پیر کو پی سارا اوول، کولمبو میں ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری روز سری لنکا نے 413 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں نامکمل اننگز 72 رنز 2 کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ شروع کی تو دیمتھ کرونا رتنے 25 اور کپتان اینجلو میتھیوز 23 رنز پر ناٹ آئوٹ تھے۔ میتھیوز گزشتہ روز کے سکور میں کوئی اضافہ کئے بغیر پویلین واپس لوٹ گئے، انہیں امیش یادیو نے لوکیش راہول کے ہاتھوں کیچ آئوٹ کرایا۔ میتھیوز کے آئوٹ ہونے کے بعد سری لنکا کے بقیہ بلے باز ایشون اور امیت مشرا کی تباہ کن بائولنگ کے سامنے بالکل بے بس دکھائی دیئے اور وقفے وقفے سے آئوٹ ہوتے رہے۔ دنیش چندیمل 15، لاہیرو تھریمانے 11 ، تھرندو کوشال 5 ، دشمانتھا چیمرا 4 جبکہ جیہان مبارک اور دھمیکا پرساد بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوئے۔ دیمتھ کرونا رتنے نے 46 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی۔ بھارت کی طرف سے روی چندرن ایشون سب سے کامیاب بائولر رہے انہوں نے 42 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ امیت مشرا نے تین جبکہ امیش یادیو اور ایشانت شرما نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ لوکیش راہول کو مرد میدان قرار دیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن