• news

وزیراعلیٰ شہباز شریف سے باکسر عامر خان کی ملاقات، کھیل کے فروغ پر تبادلہ خیال

لاہور(خصوصی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے آج یہاں پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے ملاقات کی جس میں باکسنگ کے کھیل کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عامر خان نے باکسنگ کے میدان میں پاکستان کا نام روشن کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں باکسنگ کے کھیل کو فروغ دینے کیلئے عامر خان کے تجربے اور مہارت سے استفادہ کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کھیلوں اور صحت مندانہ سرگرمیوں کو فروغ دے کر انتہاپسندی کے رجحانات کو ختم کیا جا سکتا ہے یہی وجہ ہے کہ پنجاب حکومت صوبے میں کھیلوں اور صحت مندانہ سرگرمیوں کو فروغ دینے کے جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی دارالحکومت سمیت بڑے شہروں اور قصبوں میں خالی سرکاری زمینوں پر کھیلوں کے نئے میدان اور سٹیٹ آف دی آرٹ سپورٹس سینٹر قائم کئے گئے ہیں۔ باکسر عامر خان نے وزیراعلیٰ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ شہباز شریف پنجاب میں کھیلوں کے فروغ کیلئے مثبت کام کر رہے ہیں اور میں پاکستانی باکسرز کو بین الاقوامی معیار کی تربیت دینے کا خواہاں ہوں۔ صوبائی وزیر تعلیم و کھیل رانا مشہود احمد، صوبائی سیکرٹری کھیل، باکسر عامر خان کے والد سجاد خان اور بھائی طاہر خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ دریں اثناء عامر خان فیملی کے ہمراہ کراچی پہنچ گئے۔

ای پیپر-دی نیشن