حکومت سے مذاکرات میں پیشرفت، متحدہ کو الطاف کے گرین سگنل کا انتظار
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) حکومت اور ایم کیو ایم کے مذاکرات میں اہم پیشرفت ہوئی ہے، فریقین کے درمیان معاملات طے پا گئے۔ طے شدہ معاملات کی منظوری کیلئے متحدہ کو الطاف حسین کے گرین سگنل کا انتظار ہے۔ کمیٹی اجلاس کے بعد ایم کیو ایم ارکان نے الطاف حسین سے مشاورت کی۔ ایم کیو ایم استعفوں کے معاملے پر قانونی راستہ اختیار کریگی۔ گرین سگنل کے بعد ایم کیو ایم ارکان اسمبلیوں، سینٹ سے استعفوں کی نامنظوری کی درخواست کرینگے۔ فریقین میں شکایات کے ازالہ کیلئے کمیٹی کی تشکیل سے متعلق اصولوں پر اتفاق ہوا۔ کراچی کے مسائل پر شکایات ازالہ کمیٹی مستقل بنیادوں پر کام کریگی۔ کمیٹی میں سابق جج، ٹیکنوکریٹس شامل کرنے کی تجویز بھی دی گئی۔ کمیٹی کے اختیارات، قانونی حیثیت پر بات دوسرے روز میں ہوگی۔ علاوہ ازیں فاروق ستار نے فضل الرحمن کو ٹیلی فون کر کے حکومت سے ہونے والے مذاکرات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ فاروق ستار نے کہا کہ مذاکرات مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔علاوہ ازیں مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم اور حکومت کے درمیان معاملات کو حتمی شکل دی جا چکی ہے، لاپتہ افراد کا مسئلہ صرف کراچی نہیں پورے پاکستان کا ہے، ایم کیو ایم آپریشن کے خلاف نہیں دہشت گردی کے خلاف فورسز کی قربانیوں کی قدر کرتی ہے، ایم کیو ایم کے جائز مطالبات پورے کئے جائیں گے، پاکستان میں نیکٹا اور دیگر بنائے گئے اداروں سے ہمارا اختلاف رہا۔ ایم کیو ایم کو بھی کہا ہے کہ ان کی شکایات کا ازالہ شکایات کمیٹی کرے گی جس میں ارکان پارلیمنٹ شامل ہوں گے، کمیٹی تشکیل دینے کے بعد وہ اپنا طریقہ کار اور اختیارات خود وضع کرے گی۔