این اے 154: الیکشن ٹربیونل جہانگیر ترین کی انتخابی عذر داری پر آج فیصلہ سنائے گا
اسلام آباد (این این آئی) الیکشن ٹربیونل کے جج رانا زاہد محمود حلقہ این اے 154کا فیصلہ آج بدھ کو سنائیں گے ٗتصادم سے بچنے کیلئے حکام نے الیکشن ٹربیونل میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کرنے کا حکم دیدیا۔ تفصیلات کے مطابق 154حلقے سے پی ٹی آئی کے رہنما جہانگیرخان ترین کی انتخابی عذرداری پر محفوظ کردہ فیصلہ الیکشن ٹربیونل کے جج رانا زاہد محمود آج بدھ کوسنائیں گے۔ حلقہ این اے 154 سے آزاد امیدوار صدیق خان بلوچ کامیاب ہونے کے بعد ن لیگ میں شامل ہو گئے تھے تاہم جہانگیر خان ترین نے الیکشن ٹربیونل میں ان کی کامیابی کو چیلنج کیا تھا ۔تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے کہاکہ حکومت دو سال پہلے ہی چار حلقے کھول دیتی تو دودھ کا دودھ، پانی کا پانی ہو جاتا جہانگیر ترین نے کہا کہ این اے 122 کے فیصلے کے بعد امیدیں بڑھ گئی ہیں۔