• news

کم بولی: اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کا ٹھیکہ پاکستانی کمپنیوں نے حاصل کرلیا

لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستانی کمپنیوں حبیب کنسٹرکشن سروسز اور مقبول اینڈ ولسن نے غیرملکی کمپنیوں کے مقابلے میں انتہائی کم بولی دے کر اورنج لائن میٹروٹرین منصوبے کے تعمیراتی کام کا ٹھیکہ حاصل کر لیا۔ غیرملکی کمپنیوں نورینکو اور چائنہ ریل نے پیکیج Iاور II کیلئے مجموعی طور پر 100ارب روپے کی بولی دی جبکہ پاکستانی کمپنیاں دونوں پیکج 40ارب روپے میں مکمل کریں گی۔ ذرائع کے مطابق ایل ڈی اے نے لاہور میں بنائے جانیوالے اورنج لائن میٹرو منصوبے کی کامیاب بولی دینے والی کنسٹرکشن کمپنیوں کو باضابطہ لیٹر ارسال کر دئیے ہیں۔ حبیب کنسٹرکشن سروسز کو پیکیج Iکا تعمیراتی منصوبہ ایوارڈ کیا گیا ہے۔ اس نے ڈیرہ گجر تا چوبرجی 13.5کلو میٹر تعمیر کے لئے 21.4ارب کی بولی دی جبکہ تعمیراتی تخمینہ 23ارب روپے لگایا گیا تھا ۔ پیکیج ون میں 1.7کلو میٹر انڈر گرائونڈ تعمیر بھی شامل ہے جبکہ پیکیج IIمیں چوبرجی تا علی ٹائون رائے ونڈ تعمیر کا منصوبہ ہے جو مقبول اینڈولسن نے 18.4ارب کی بولی دے کر حاصل کیا اس کیلئے تخمینہ 20ارب روپے لگایا گیا تھا۔ 13.5کلو میٹر کے پیکیج IIمیں ایلو یویٹڈ برج بھی شامل ہیں۔ نیسپاک نے منصوبے کا ڈیزائن تیار کرکے ایل ڈی اے کو بھجوا دیا ہے۔ آئندہ چند روز میں قانونی دستاویزات مکمل ہونے کے بعد منصوبے پر باضابطہ کام کا آغاز کر دیا جائے گا ۔

ای پیپر-دی نیشن