• news

خیبر پی کے میں کرپشن، عمران 2 ہفتے میں جواب دیں ورنہ سونامی بھول جائینگے: مسلم لیگ ن

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین تحریک انصاف کی جارحانہ پریس کانفرنس کے جواب میں مسلم لیگ ن کے رہنمائوں نے جوابی وار کئے ہیں۔ دانیال عزیز کہتے ہیں کہ عمران خان کو نئی سیاسی چال سمجھ نہ آئی تو الیکشن کمشن ارکان سے استعفے مانگ لئے۔ ان ارکان کو ہٹانے کا آئینی طریقہ موجود ہے۔ اوچھے ہتھکنڈوں اور دھمکیوں سے کام نہیں چلے گا۔ تحریک انصاف پارلیمانی سیاست میں ناکام ہو چکی ہے۔ خان صاحب شرم اور استعفوں کا رجسٹر اب الماری میں رکھ دیں۔ دانیال عزیز نے عمران خان کو جوابی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے کہا کہ خیبر پی کے حکومت نے بجلی کے منصوبوں کے فنڈز سٹے میں لگا دئیے ہیں۔ عمران خان دو ہفتوں میں اس معاملے پر جواب دیں ورنہ وہ سونامی کو بھول جائیں گے۔ لیگی رہنما طارق فضل چودھری نے کہا کہ دوسروں پر انگلیاں اٹھانے والی تحریک انصاف کے اپنے 6ارکان سٹے لے کر قومی اسمبلی میں موجود ہیں۔ عمران خان کو روز سمجھانا پڑتا ہے کہ قوم کا مستقبل سڑکوں پر نہیں بلکہ پارلیمنٹ میں ہے۔

ای پیپر-دی نیشن