کراچی: فائرنگ کے واقعات میں پولیس اہلکار سمیت 3 افراد قتل
کراچی (کرائم رپورٹر + این این آئی)کراچی کے علاقے صدر میں جہانگیر پارک کے پاس ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں پر نامعلوم افراد نے اندھادھند فائرنگ کردی جس سے ایک پولیس اہلکار جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق صدر میں مصروف ترین کاروباری مرکز جہانگیر پارک کے قریب ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں کو نامعلوم افراد نے اندھادھند فائرنگ کرکے زخمی کردیا۔ لوگوں نے زخمی اہلکاروں کو رکشے میں ڈال کر سول ہسپتال پہنچایا جہاں ایک پولیس اہلکار محمد ابراہیم جان کی بازی ہارگیا جبکہ زخمی اہلکار عبدالقیوم کو طبی امداد دی جارہی ہے۔ عینی شاہدین کی مدد سے واقعہ کی تحقیقات کی جارہی ہے۔ دونوں اہلکار گارڈن ہیڈکوارٹر میں تعینات تھے۔ صوبائی وزیر داخلہ سندھ سہیل انور خان سیال نے صدر کے علاقے میں پولیس اہلکاروں پر ہونے والی فائرنگ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ساؤتھ سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی۔ انہوں نے فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے پولیس اہلکار کے اہل خانہ سے اظہارِ تعزیت کیا اور اہلکار کے ورثاء کو حکومت سندھ کی جانب سے 20 لاکھ روپے اور مراعات کے ساتھ وارث کو پولیس میں ملازمت اور تنخواہ جاری رکھنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے زخمی پولیس اہلکار کا ہسپتال میں علاج کرانے کی ہدایت کی۔ رینجرز نے پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث گرفتار ٹارگٹ کلرز مبارک علی عرف لنگڑا، عادل عرف پگلا اور لیاقت حسین ترک کی تفصیلات جاری کردیں۔ ان میں مبارک عرف لنگڑا 12افرادکے قتل، بھتہ خوری، جلائو گھیرائو اور ہڑتالوں کے دوران سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے میں بھی ملوث ہے۔ ٹارگٹ کلر عادل عرف پگلا شیرشاہ میں ٹارگٹ کلنگ کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے۔ اس نے ایس ایچ او ناصرالحسن اور سپاہی خرم بٹ، سی آئی اے صدر کے ہیڈ کانسٹیبل مقبول احمدکو بھی قتل کیا۔ ملزم بھتہ خوری، جبری ہڑتال کرنے اور جلائو گھیرائوکی وارداتوں میں بھی ملوث ہے جبکہ ٹارگٹ کلر لیاقت حسین ترک قتل کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے۔ اس سے قبل منگل کی صبح کورنگی سو کوارٹر کے علاقے میں مسلح افراد نے 32سالہ محمد سلیم کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔ مقتول سلیم مچھلی کا بیوپاری تھا اور سوکوارٹر کے علاقے میں پاسبان چوک کے قریب رہتا تھا ادھر لیاقت آباد میں فردوس شاپنگ سینٹر کے نزدیک موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے دودھ کی دکان پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دو سگے بھائی 22 سالہ ارسلان اور 20 سالہ ریحان اور ان کا دوست 21 سالہ طاہر زخمی ہوئے اور بعد میں ریحان زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسا۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کا نشانہ بننے والے تینوں نوجوانوں کا تعلق مہاجر قومی موومنٹ سے ہے۔